05 اگست ، 2016
سید مراد علی شاہ، سندھ میں وزارتِ اعلیٰ کی نئی تاریخ رقم کرنے اور نئی روایات قائم کرنے میں مشغول ہیں،منصب سنبھالتے ہی چند روز میں وہ کچھ کیا جو پہلے والے 7سال میں نہیں کرسکے۔
کام، کام اور صرف کام کا پیغام دینے والے جواں سال وزیراعلیٰ وقت کی پابندی کرو اور کام کرتے رہو کا الارم بجانے کے ساتھ سندھ کی وزارت اعلیٰ کی کایا پلٹنے میں مصروف ہیں۔
منصب سنبھالتے ہی صوبائی محکموں اور بیورو کریسی پر واضح کردیا کہ اب صوبے میں صرف کام، کام اور کام ہوگا،پہلے دن گھر سے نکلے تو پروٹوکول میں شامل 9 میں سے 5 گاڑیاں واپس کردیں،اس کے بعد سے وہ مسلسل وقت پر دفتر پہنچ رہے ہیں، صوبائی سیکریٹریز سمیت تمام صوبائی ملازمین وزیراعلیٰ کی وجہ سے وقت پر دفتر آنا شروع ہوگئے ہیں۔
تعلیم، صحت، ترقیات اور منصوبہ بندی سمیت تمام محکموں کے وزیر مسلسل کام میں مصروف ہیں، کیونکہ مراد علی شاہ نے وزراء کا واٹس ایپ گروپ بنا کر سب سے مسلسل رابطہ رکھا ہوا ہے۔
مراد علی شاہ کہیں کسی اجلاس کی صدارت کررہے ہیں تو کہیں فائلوں پر دستخط، کہیں وزیراعلیٰ ہاؤس پر لگی رُکاوٹیں ہٹوارہے ہیں تو کہیں سڑک پر جمع گندہ پانی گاڑی سے اُتر کر صاف کروارہے ہیں۔
مصروفیت کا عالم یہ ہے کہ جمعے کو وزیر اعظم سے ملاقات کے لیے اسلام آباد جاتے ہوئے ایئرپورٹ پر ضروری فائلیں گاڑی کی ڈگی پر رکھ کر دستخط کیں ،صرف یہی نہیں بلکہ واپسی میں بھی دفتر ی امور سرانجام دئیے اور فائلوں پر احکامات دئیے۔
کراچی واپس آنے کے بعد جب وزیر اعلیٰ ہاؤس پہنچے تو متوقع احتجاج کے پیش نظر سڑک بند دیکھ کر گاڑی سے اتر گئے اور اپنے سامنے نہ صرف کنٹینرز ہٹوائے بلکہ سڑک کھلوا کر گاڑیاں رواں دواں کرائیں۔