14 اگست ، 2016
کراچی میں فراہمی آب کے بڑے منصوبے کے فور کا سنگ بنیاد گورنر سندھ اور وزیراعلی سندھ نے رکھ دیا۔ گورنرسندھ نے کہا کہ کراچی میں جاری آپریشن ہرصورت مکمل ہوگا ۔ وزیراعلی سندھ نے کہا کہ کے فور منصوبے کے لیے وفاق پچاس فیصد رقم فراہم کررہا ہے -
سپرہائی وے پر کاٹھور کے مقام پر کراچی کے شہریوں کے لیے فراہمی آب کے منصوبے کے فور کا سنگ بنیا درکھا دیا گیا۔ تقریب میں گورنرسندھ ، وزیراعلیٰ سندھ ، ڈی جی رینجرز اور سربراہ ایف ڈبلیو او بھی شریک تھے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئےوزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا کہنا تھاکہ منصوبے کے پہلے فیز کو دو سال سے کم عرصے میں مکمل کیا جائے گا اور اگلے سال 23 مارچ تک اس منصوبے کے دوسرے فیز کا بھی افتتاح کردیا جائے گا۔
گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد کا کہنا تھا کہ کراچی میں امن و امان کے مسئلے پر جو کام کیا ہے اس کا سہرا ڈی جی رینجرز کو جاتا ہے۔ ایف ڈبلیو او کے سربراہ میجرجنرل محمد افضل کا کہنا تھاکہ آئندہ گرمیوں میں کراچی میں پانی کا مسئلہ حل ہوجائے گا۔
فراہمی کے منصوبے کے فور کی تعمیر پر 15.254 ارب روپے کی لاگت آئے گی اور منصوبے کی تکمیل سے 26 کروڑ گیلن یومیہ اضافی پانی کراچی کو ملے گا۔