16 اگست ، 2016
ریو اولمپکس میں دس ویں روز امریکا اور چین کا گولڈ میڈل کا سفر رُک گیا۔ نیدرلینڈز اور روس کے ایتھلیٹس نے دو، دو طلائی تمغے جیت لیے۔ 26 طلائی اور75مجموعی تمغوں کے ساتھ امریکا میڈل ٹیبل پر اب بھی موجود۔
ریو اولمپکس کے میڈل ٹیبل پر پہلے اور دوسرے نمبر پر موجود امریکا اور چین دسویں روز ایک بھی گولڈ میڈل نہیں جیت سکے، ہالینڈ اور روس کے ایتھلیٹس نے عمدہ کارکردگی کے ذریعے دو، دو طلائی تمغے اپنے ملک کو جتوائے۔
برازیل کے شہر ریو ڈی جنیرو میں کھیلوں کے سب سے بڑے مقابلوں کے دسویں روز ایتھلیٹس کے درمیان 17 گولڈ میڈلز کی جنگ تھی لیکن ہوا نہ ہونے کے سبب سیلنگ کے دو گولڈ میڈلز مقابلے ملتوی کردیئے گئے،یوں پندرہ گولڈ میڈلز کا فیصلہ ہوا، ان میں سے دو ہالینڈ اور دو روس کے نام رہے ۔
ہالینڈ کے ایتھلیٹس نے ویمننز میراتھون اور آرٹسٹک کے ویمنز بیلنس بیم میں طلائی تمغے حاصل کیے،روس نے ایک گولڈ میڈل باکسنگ کی 91 کلوگرام کیٹیگری میں جیتا جبکہ دوسرا سونے کا تمغہ مینزریسلنگ میں حاصل کیا، اس کے علاوہ کینیا، بہاماس، اٹلی، کیوبا، برطانیہ، پولینڈ، بحرین، یونان اور شمالی کوریا کے حصے میں ایک، ایک گولڈ میڈل آیا ہے۔
اُزبکستان نے اولمپک کی ویٹ لفٹنگ کی تاریخ میں پہلی بار گولڈ میڈل اپنے نام کیا، برازیل کے پول والٹر ڈی سلوا نے نئے اولمپک ریکارڈ کے ساتھ اپنے ملک کو پہلی بار ٹریک اینڈ فیلڈ میں گولڈ میڈل جتوایا۔
امریکا اورچین سونے کا کوئی تمغہ اپنے نام نہ کرسکے،ٹیبل پر امریکا 26 گولڈ کے ساتھ بدستور سرفہرست ہے، برطانیہ کی 16اور چین کی 15 طلائی تمغوں کے ساتھ دوسری اور تیسری پوزیشن ہے۔