پاکستان
17 اگست ، 2016

حکومتی ارکان نواز شریف اور فیملی کو بچانا چاہتے ہیں، متحدہ اپوزیشن

حکومتی ارکان نواز شریف اور فیملی کو بچانا چاہتے ہیں، متحدہ اپوزیشن

 


اسپیکر قومی اسمبلی سے ملاقات کے بعد بھی اپوزیشن ارکان اپنے موقف پر قائم رہے، ان کا کہنا ہے کہ حکومت اپوزیشن میں رخنہ ڈالنے کی ناکام کوشش کرچکی ہے، حکومتی ارکان کا مقصد نوازشریف اور فیملی کو بچانا ہے، اپوزیشن چاہتی ہے احتساب وزیراعظم سے شروع ہو۔


اسپیکر نے فون پرپیغام دیا کہ ٹی او آرز کمیٹی اجلاس کی نشست شروع کروانا چاہتے ہیں،اسپیکر نے اپنے چیمبر میں ملاقات کے لیے خود بلایا۔


اعتزاز احسن کا اسپیکر ایاز صادق سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ایاز صادق کو بتا دیا کہ اپوزیشن نے ٹی او آرز طے کرنے کیلئے حکومت کی 75 فیصد باتیں مانی ہیں،اسپیکر نے اپوزیشن کی تجاویز وزیراعظم تک پہنچانے کی یقین دہانی کرائی ہے۔


انہوں نے کہا کہ 8 میٹنگنز ہوئیں مگر حکومت نے ہماری کوئی تجویز نہیں مانی،حکومتی ارکان کا مقصد نوازشریف اور ان کے خاندان کو بچانا ہے، وزیراعظم فرما چکے ہیں کہ وہ اپنے آپ کو پیش کریں گے، اسپیکر نے یقین دہانی کروائی ہے کہ وہ ہماری تجاویز وزیراعظم کو پیش کریں گے۔


شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اپوزیشن آج بھی اپنے مؤقف پر قائم اور متحد ہے، اپوزیشن اتحاد توڑنے کی حکومتی کوششیں بھی ناکام ہوگئیں۔


انہوں نے کہا کہ حکومت نے اپوزیشن میں رخنہ ڈالنے کی کوشش کی، کچھ وزراء یہ تاثر دینا چاہ رہے تھے کہ پی ٹی آئی سولو فلائٹ پر گامزن ہے، تمام اپوزیشن نے اس غلط تاثر کو رد کردیا۔


اپوزیشن رہنماؤں کا یہ بھی کہنا تھا کہ پاناما لیکس پر سب کا احتساب ہونا چاہیے، ایک سوال کے جواب میں اعتزاز احسن نے کہا کہ اگر چوہدری نثار کے پاس ہمارے خلاف کوئی ثبوت ہے تو پیش کریں۔

مزید خبریں :