17 اگست ، 2016
کراچی کے علاقے سائٹ میں غیرت کے نام پر بیوی کا گلا کاٹ کر قتل کرنے والا پہلی بیوی کا بھی قاتل نکلا۔ملزم کا کہنا ہے کہ اسے بیوی پر شک تھا، اہل علاقہ کہتے ہیں کہ مقتولہ کا کردار مشکوک نہیں تھا۔
سائٹ میٹروول میں گزشتہ رات شوہر رحیم دادنے بیوی فوزیہ کو تیز دھار آلے سے گلا کاٹ کرموت کے گھاٹ اتار دیا، پولیس نے ملزم کو گرفتار کرکے اس کے قبضے سے آلۂ قتل بھی برآمد کرکے مقدمہ درج کرلیا ہے۔
ملزم کا کہنا تھا کہ اسے بیوی کے کردار پر شک تھا اور اس نے پولیس میں بھی درخواست جمع کرائی تھی جبکہ مقتولہ فوزیہ کی پڑوسن نے ملزم کو مورود الزام ٹھہراتے ہوئے کہا کہ مقتولہ کا کردار مشکوک نہیں تھا۔
پولیس کے مطابق تفتیش جارہی ہے جبکہ پوسٹ مارٹم رپورٹ میں مقتولہ کی موت گلا کاٹنے سے ہوئی، فوزیہ تین بچوں کی ماں تھی اور ملزم سے 11سال قبل اس کی شادی ہوئی تھی۔
پولیس کے مطابق ملزم رحیم داد 15 سال قبل جیکب آباد میں بھی اپنی پہلی بیوی قتل کرچکا ہے جس کے جرم میں اسے 14سال قید کی سزا ہوئی تھی۔
پولیس کے مطابق واقعے کے مقدمے مقتولہ کے اہل خانہ میں سے کسی کے رابطہ نہ کرنے پرتاحال درج نہیں کیا ہے، اگر مقتولہ کے اہل خانہ میں سے کسی نے رابطہ نہ کیا تو مقدمہ سرکارکی مدعیت میں درج کیا جائے گا۔