17 اگست ، 2016
کراچی کے علاقے بہادر آباد میں رینجرز نے کارروائی کرتے ہوئے دو ٹارگٹ کلرز کو گرفتار کرلیا ہے۔ رینجرز ترجمان کے مطابق ملزمان نے کلاء کے قتل، قتل و غارت اور بھتہ خوری کا اعتراف کرلیا ہے۔
ترجمان رینجرز کے مطابق مصدقہ اطلاعات پر بہادر آباد میں کارروائی کرتے ہوئے دو ٹارگٹ کلرز کو گرفتار کرلیا گیا، گرفتار ٹارگٹ کلرز کاشف قادر عرف کاشف ٹنڈا اور جنید اقبال عرف بوٹا کا تعلق سیاسی جماعت کے عسکری ونگ سے ہے۔
ملزمان نے وکلاء کی ٹارگٹ کلنگ، قتل وغارت اور بھتہ خوری کا اعتراف کیا ہے۔ ترجمان کے مطابق ملزمان نے 17 مارچ 2010ء کو ٹیپوسلطان رو ڈ پر ایڈوکیٹ سہیل انجم کو ساتھیوں سمیت قتل، یکم نومبر2011ء کو طارق روڈ پر ایڈوکیٹ وحید قریشی کے قتل اور12مئی 2007ء کو ہونے والی قتل و غارت کا بھی اعتراف کیا۔
ملزمان نے سنی تحریک کے 6 کارکنوں کو قتل کرنے کے علاوہ طارق روڈ اور بہادرآباد میں جبری بھتہ وصولی کا بھی اعتراف کیا ہے، ملزمان سے اسلحہ اور گولیاں برآمد کی گئی ہیں، مزید کارروائی کیلئے ملزمان کو پولیس کے حوالے کردیا گیا ہے۔
علاوہ ازیں رینجرز نے ایک شہری کی شکایت پر شہریوں کو لوٹنے والے ملزم کو گرفتار کر لیا،ترجمان رینجرزکے مطابق رینجرز ہیلپ لائن پر شکایات ملنے کا سلسلہ جاری ہے۔
شہری کی شکایت پر رینجرز نے لیاری نیا آباد میں کارروائی کرتے ہوئے اسلحے کے زور پر شہری کو لوٹنے والے ملزم کو گرفتار کرلیا، ملزم طارق ولد سعداللہ سے پستول برآمد ہوا ہے۔