21 اگست ، 2016
ایک امریکی وفاقی جج نے ڈیموکریٹ صدارتی امیدوار ہیلری کلنٹن کو حکم دیا ہے کہ وہ ای میل معاملے پر دائر کیے جانے والے کیس میں تحریری جواب داخل کرائیں ۔
دوسری جانب دو ری پبلکن سینیٹرز نے الزام عائد کیا ہے کہ ہیلری نے حلفیہ بیان کے دوران کانگریس میں جھوٹ بولا ، مزید کارروائی کے لیے معاملہ محکمہ انصاف کے حوالے کردیا ۔
واشنگٹن کی ایک عدالت کے جج نے سابق وزیر خارجہ ہیلری کلنٹن کو حکم دیا ہے کہ وہ جوڈیشل واچ گروپ کی جانب سے دائر کیے جانے والے مقدمے میں ای میل کے استعمال کے بارے میں اٹھائے گئے سوالات کا تحریری جواب جمع کرائیں ۔
دوسری جانب ری پبلکن پارٹی سے تعلق رکھنے والے 2 سینیٹرز نے الزام عائد کیا ہے کہ ای میل تحقیقات کے معاملے پر ہیلری نے حلفیہ بیان کے دوران کانگریس کے سامنے غلط بیانی سے کام لیا ۔
ان سینیٹرز کا کہنا ہے کہ کانگریس میں بیان کے دوران ہیلری کا کہنا تھا کہ انہوں نے ذاتی ای میل اکائونٹ کے ذریعے انتہائی خفیہ نوعیت کی ای میلز نہیں کی تھیں جبکہ بعد میں تحقیقات سے یہ ثابت ہوا کہ انہوں نے اس قسم کی 3 ای میلز کی تھیں ۔