21 اگست ، 2016
پاکستان میں 7ہزار سے زیادہ گلیشیئرز ہیں اور قطبین کے بعد دنیا میں سب سے زیادہ برف ان ہی گلیشیئرز میں موجود ہے۔ موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث ان گلیشیئرزکو شدید خطرات لاحق ہیں۔
واشنگٹن پوسٹ کی رپورٹ میں پاکستان میں 7ہزار 253 گلیشیئرز ہیں، ان میں سیاچن، بلتورو، پاسو، تِرش میر اوراُلتر جیسے برف کے بڑے ذخائر بھی موجود ہیں، جہاں قطبین کے بعد سب سےزیادہ برف پائی جاتی ہے، صرف چترال میں 543گلیشیئرز ہیں۔
واشنگٹن پوسٹ کی رپورٹ میں یہ انکشاف بھی کیا گیا ہے کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث یہ گلیشیئرز تیزی سے پگھل رہے ہیں۔ ماہرین موسمیات کا کہنا ہےکہ 1981ءسے 2010ءکے دوران درجہ حرارت ایک اعشاریہ دو ڈگری سینٹی گریڈ بڑھا ہے۔
خیبرپختونخوا کے ضلع چترال میں 6سال کے دوران 3تباہ کن سیلاب آئے، جس سے 50سے زیادہ افراد جاں بحق ہوئے اور بڑے پیمانے پر مالی نقصان ہوا، مکانات ، مسجدیں اور زرعی زمین دریا کی نذر ہوگئی۔