21 اگست ، 2016
قابض بھارتی فوج نے کپواڑہ میں 3کشمیریوں کودرانداز قرار دے کر شہید کر دیا ۔
مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج نے مظالم کا نیا طریقہ ڈھونڈ لیا ،قابض بھارتی فوج نے کپواڑہ میں 3کشمیریوں کودرانداز قرار دے کر شہید کر دیا ۔بھارتی میڈیانے دعویٰ کیا ہے کہ شہیدکشمیری بھارتی فوج کے کیمپ پر حملے میں ملوث تھے۔
مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فوج نے بھارت سرکار کے حکم پر آج بھی کرفیو جاری رکھا ہوا ہے ، یوں مقبوضہ وادی میں مسلسل کرفیو کو آج چوالیس روز ہوگئے ، بھارتی فوج کے کرفیو سے مقبوضہ وادی میں معمولات زندگی مفلوج ہوکر رہ گئے ہیں ، اور وادی بھر میں حریت رہنماؤں کی کال پر 9جولائی سے شٹر ڈاؤن ہڑتالوں کا سلسلہ بھی جاری ہے ۔
مقبوضہ وادی میں بھارتی حکومت کے زیر اثر چلنے والی حکومت کے وزير تعلیم بھی صورتحال کی سنجیدگی پر پریشان ہیں ، اور مانتے ہیں کہ اس صورتحال میں بچے بھی سب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں ، کشیدہ حالات کی وجہ سے تمام آئل ٹینکرز اور ٹرک آپریٹرز کی ایسوسی ایشن نے بھی وادی میں اشیا کی سپلائی بند کر رکھی ہے ۔
مظالم کے باوجود بھارت مقبوضہ کشمیر میں احتجاج روکنے میں ناکام ہے اور کرفیو کےباوجود پلوامہ ، شوپیاں ، اسلام آباد اور دیگر اضلاع میں ریلیاں نکالی جارہی ہیں اور عوام بھارتی مظالم کے خلاف آواز بلند کررہے ہيں ۔
مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے تشدد کی حالیہ لہر سے اب تک 80 سے زائد کشمیری شہید اور 9ہزار سے زائد زخمی ہوچکے ہیں ۔
گزشتہ روز مقبوضہ کشمیر کے سابق وزیراعلیٰ عمر عبداللہ نے بھی کہاتھا کہ کشمیر کے معاملے پر مرکزی اور ریاستی حکومت نے مایوس کیا، کشمیر کی صورتحال انتہائی خراب ہے ، کشیدہ صورتحال کا حل فورسز کے استعمال سے نہیں نکلے گا بلکہ اس کا سیاسی حل نکالنا ہوگا ۔
ادھرحریت رہنما سید علی گیلانی اور میرواعظ عمر فاروق 40 روز سے گھروں میں نظر بند جبکہ یاسین ملک میں قید ہیں۔