پاکستان
22 اگست ، 2016

قائد ایم کیوایم کے حکم پر کارکنوں کا ٹی وی چینلوں کا گھیراؤ

کراچی میں ایم کیو ایم کے قائد کے حکم پر مشتعل کارکنوں نے ٹی وی چینلز کا گھیراؤ کرلیا، ٹی وی چینل کے دفتر میں تھوڑ پھوڑ کی گئی اور عملے پر تشدد کیاگیا،فوارہ چوک پر نامعلوم افراد کی ہوائی فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق اور دو زخمی ہوگئے۔

زینب مارکیٹ کے اطراف میں صورت حال کشیدہ ہوگئی، مشتعل افراد نے کئی گاڑیوں کو آگ لگادی، کئی کو نقصان پہنچایا، ٹریفک پولیس چوکی پر بھی توڑ پھوڑ کی۔

کراچی میں ایم کیو ایم کے بھوک ہڑتالی کیمپ سے قائد ایم کیو ایم کے سخت زبان کے استعمال اور پاکستان مخالف نعرے لگوانےپر اور ان کے کہنے پر کارکنوں نے ٹی وی چینلز کا گھیراؤ کرلیا۔

سڑکوں پر جلاؤ گھیراؤ، گاڑیوں پر پتھراؤ کیا گیا، فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق اور پولیس کانسٹیبل سمیت کئی افراد زخمی ہوگئے،بدترین ہنگامہ آرائی دیکھنے میں آئی۔

پولیس اور رینجرز نے ایم کیو ایم کا بھوک ہڑتالی کیمپ اُکھاڑ دیاجبکہ ایک درجن سے زائد افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔

مارکیٹوں پر دھاوا بول دیا گیا، دُکانوں کو زبردستی بند کرانے کی کوشش کی گئیاور جواب میں لاٹھی چارج اور گرفتاریاں ہوئیں۔

زینب مارکیٹ اور اس کے اطراف میں اس ہنگامہ آرائی کی صورت حال کے بعد آئی آئی چندریگر روڈ، ایم اے جناح روڈ اور شارع فیصل سمیت مختلف علاقوں میں شدید ٹریفک جام ہوگیا۔

 

صدر زینب مارکیٹ میں مشتعل افراد کی توڑ پھوڑ کے بعد آئی آئی چندریگر روڈ اور اطراف کی سڑکوں پر ٹریفک کا دباؤ بڑھ گیا، وزیراعلیٰ ہاؤس جانے والے راستے بند کردیئے گئے۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے آئی جی سندھ کو ٹیلی فون کرکے ہدایت دی کہ شرپسندوں اور فائرنگ کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔

مزید خبریں :