22 اگست ، 2016
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور ڈی جی رینجرز میجر جنرل بلال اکبر جیونیوز کے دفتر پہنچ گئے۔اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ میڈیا ہاؤسز پر حملے کے واقعے کی مذمت کرتا ہوں۔
وزیراعلیٰ سندھ نے مزید کہا کہ جولوگ اس میں ملوث ہیں ان کو گرفتار کیا جائے گا، اس واقعے کے بعد میں نے خواجہ اظہار الحسن سےٹیلیفون پر رابطہ کیا تھا،خواجہ اظہار الحسن نے بھی کہا کہ ملوث افراد کے خلاف کارروائی کریں۔
انہوں نے کہا کہ 20 لوگوں کو گرفتار کیا گیا ہے، یہ دہشت گردوں کا منصوبہ تھا، ان عناصر سے سختی سے نمٹیں گے۔
ایک صحافی نے سوال کیا کہ کل انہوں نے وزیراعلیٰ ہاؤس کے گھیراؤ کا اعلان کیا ہے آپ کیا کریں گے؟ جس پر وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے جواب دیا کہ دیکھیں گے، جنہوں نےیہ ماحول پیداکیا اس کی مذمت کرتے ہیں۔