02 ستمبر ، 2016
اداکارہ سونم کپور شاندار اداکاری سے بالی ووڈ میں اپنا لوہا منوانے کے بعد اب ہالی ووڈ انڈسٹری میں بھی قدم رکھنے جارہی ہیں۔
انڈین میڈیا کی ایک رپورٹ کے مطابق سونم کپور کی حال ہی میں ریلیز فلم ’نیرجا‘ کی کامیابی کے بعد انہیں لاس اینجلس میں ہالی ووڈ کی ایک ٹیلنٹ ایجنسی یونائٹڈ ٹیلنٹ ایجنسی (یو ٹی اے) نے سائن کرلیا ہے۔
واضح رہے کہ اس کمپنی نے ہالی ووڈ کے کامیاب اداکاروں کرس براؤن، جونی ڈیپ اور اینجلینا جولی کو متعارف کروایا ہے اور اب اس فہرست میں سونم کپور کا نام بھی شامل ہوچکا ہے۔
رواں سال کے آغاز میں سونم کپور لاس اینجلس میں موجود تھیں، جس کے بعد میڈیا میں اس حوالے سے خبریں سامنے آئیں کہ سونم کپور کے والد انیل کپور انہیں ہالی ووڈ میں کام دلوانے کی کوشش کررہے ہیں تاہم سونم نے ٹوئٹر پر ان خبروں کو بے بنیاد قرار دیا تھا۔
اپنی ٹوئیٹ میں سونم کا کہنا تھا ’ہاں، ہاں! میں لاس اینجلس میں ہوں، ڈیڈی پلیز میرے لیے ہالی ووڈ میں سفارش کریں‘۔31 سالہ سونم کپور نے بالی ووڈ میں اپنے سفر کا آغاز 2007 میں فلم ʼسانوریا کے ساتھ کیا تھا، یہ فلم تو باکس آفس پر بری طرح سے ناکام ہوئی تاہم سونم کا کیریئر کامیابی کے ساتھ آگے بڑھ گیا۔
سونم بہت جلد اپنی بہن ریہا کپور کی پروڈکشن فلم ‘ویرے دی ویڈنگ‘ میں کام کریں گی، جس میں ان کے ہمراہ کرینہ کپور خان مرکزی کردار ادا کرتی نظر آئیں گی۔