پاکستان
06 ستمبر ، 2016

شہداء کی بدولت آزاد اور باوقار ملک میں رہ رہے ہیں:آرمی چیف

شہداء کی بدولت آزاد اور باوقار ملک میں رہ رہے ہیں:آرمی چیف

آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے یوم دفاع کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شہداء کی بدولت آزاد اور باوقار ملک میں رہ رہے ہیں۔

جی ایچ کیوا راولپنڈی میںیادگارشہدا پر یوم دفاع کی تقریب منعقد ہوئی جس میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے شرکت کی اور یادگار شہداء پر پھول چڑھائےاور فاتحہ خوانی کی، اس موقع پر انہوں نے یاد گار شہدا پر سلامی بھی پیش کی،اس موقع پر پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے پریڈ بھی کی ۔

تقریب میں مسلح افواج کے سربراہان، ڈی جی آئی ایس پی آرلیفٹیننٹ جنرل عاصم سلیم باجوہ ،سفراء ،وزیردفاع خواجہ آصف، وفاقی وزیراطلاعات پرویزرشید سمیت نمایاں سیاسی شخصیات بھی شریک ہوئیں۔

آرمی چیف جنرل راحیل شریف کا مزید کہنا ہے کہ جنگ ستمبر 1965ء ملک کی تاریخ کا روشن باب ہے،پاکستان پہلے مضبوط تھا، آج ناقابل تسخیر ہے۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے ناسور سے کئی ممالک انتشار کا شکار ہوئے، اللہ کے کرم سے پاکستان نے دہشت گردی کے چیلنجز کا بھرپور مقابلہ کیا۔

آرمی چیف کا یہ بھی کہنا ہے کہ شمالی وزیرستان دہشت گردوں کی آماجگاہ تھا، پولیس اور لیویز نے بے شمار قربانیاں پیش کی ہیں، وطن عزیز کا کوئی بھی علاقہ آج سبز ہلالی پرچم کےسائے سے محروم نہیں ہے۔

جنرل راحیل کا کہنا ہے کہ امن کی خاطر ہم نے اپنے گھر بار چھوڑنے کی تکالیف برداشت کیں ، قومی سلامتی کی خاطر کسی بھی حد تک جانے سے گریز نہیں کریں گے، شہدا کی قربانیوں کو ضائع نہیں ہونے دیں گے۔

آرمی چیف کا یہ بھی کہنا ہے کہ ضرب عضب دہشت گردوں کے بلا امتیازخاتمے کا عمل تھا، ہم نے ضرب عضب کے طے شدہ مقاصد حاصل کر لیے ہیں، ہمارے لیےضرب عضب وطن کی بقا کی جنگ ہے، دنیا کے نزدیک ضرب عضب فوجی آپریشن ہو سکتا ہے، دہشتگردی سےجنگ میں 18ہزارشہریوں،5ہزارفوجی جوانواں نےجان کانذرانہ دیا۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہمارےامن کولاحق اندرونی، بیرونی خطرات پوری طرح ختم نہیں ہوئے، ہم دوستوں اور دشمنوں کو بخوبی جانتے ہیں،ہم اپنے دشمن کی سازشوں سے بخوبی آگاہ ہیں۔

آرمی چیف کا مزید کہنا ہے کہ سی پیک کا عظیم منصوبہ پورے خطے کی خوشحالی میں مدد گار ثابت ہوگا،سی پیک منصوبے کی بروقت تکمیل ہمارا قومی فریضہ ہے، سی پیک منصوبے کےخلاف ہر کوشش سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے۔

ان کا کہنا ہے کہ کشمیر ہماری شہ رگ ہے، جس کی سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھیں گے،مقبوضہ کشمیر کے عوام بدترین ریاستی تشدد کا نشانہ بن رہے ہیں ۔

آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے یہ بھی کہا کہ ضرب عضب کے تحت 19 ہزار سے زائد آپریشنز کامیابی سے کیے، ہم دوستی نبھانا بھی جانتے ہیں اوردشمنی کا قرض بھی اتارنا جانتے ہیں ،جرائم اور کرپشن کا گٹھ جوڑ امن کی راہ میں رکاوٹ ہے ۔

مزید خبریں :