کھیل
12 ستمبر ، 2016

اظہر علی کو کپتان برقرار رکھنے کی حمایت شروع

اظہر علی کو کپتان برقرار رکھنے کی حمایت شروع

پاکستان کے کپتانوں وسیم اکرم ،شاہد آفریدی اور سعید اجمل نے اظہر علی کو ایک روزہ ٹیم کی قیادت سے ہٹانے کی مخالفت کرتے ہوئے انہیں مزید وقت دینے کا مطالبہ کردیا ہے۔

وسیم اکرم نے صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ قیادت کے حوالے سے کوئی حتمی فیصلہ کرنے سے قبل کم از کم 30سے 35 میچوں تک اظہر علی کی قیادت کا جائزہ لیا جائے۔

اب تک اظہر 20 سے 25 میچوں میں قیادت کے فرائض انجام دے چکے ہیں اور انہیں ابھی مزید وقت دیا جانا چاہیے۔ سرفراز احمد کی کارکردگی پرتبصرہ کرتے ہوئے وسیم نے کہا کہ وکٹ کیپر بیٹسمین نے ٹی ٹوئنٹی میں ٹیم کی بہت عمدہ انداز میں قیادت کی اور کھلاڑی ان سے کافی تعاون کر رہے ہیں لیکن اس کے باوجود کپتان بنانے کا فیصلہ قبل از وقت ہو گا۔

سابق کپتان شاہد آفریدی کہتے ہیں کہ اظہر کی ایک روزہ میچوں میں ذاتی کارکردگی بری نہیں اور سرفراز کو ایک روزہ ٹیم کا کپتان بنانے کا فیصلہ ابھی قبل از وقت ہے اور اگر سرفراز کی قیادت میں پاکستان ویسٹ انڈیز کے خلاف ایک روزہ میچوں کی سیریز ہار گیا تو صورتحال مزید خراب ہو جائے گی اور ہر کوئی دوبارہ ایک روزہ ٹیم کی قیات کے بارے میں باتیں کرنے لگے گا۔

سرفراز نے بہت عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا لیکن انہیں ایک روزہ ٹیم کا کپتان بنانے سے اضافی دباؤآجائے گا۔ ادھر سعید اجمل نے کہا ہے کہ غلطیاں سب کپتانوں نے کیں ، انگلینڈ سیریز میں ون ڈے کرکٹ ٹیم کے کپتان سے بھی غلطیاں ہوئیں مختلف ادواروں کپتانوں کو جلد تبدیل نہیں کیا گیا اظہر علی کو بھی موقع ملنا چاہیے۔ قومی کرکٹ ٹیم کو متحد رکھنے کے لیے لانگ ٹرم پالیسیوں کی ضرورت ہے ۔

مزید خبریں :