پاکستان
12 ستمبر ، 2016

ملک بھر میں بڑی عید کیلئے بڑی تیاریاں جاری

ملک بھر میں بڑی عید کیلئے بڑی تیاریاں جاری

 

ملک بھر میں بڑی عید کیلئے بڑی تیاریاں جاری ہیں،مویشی منڈیوں میں جانوروں کی خریداری کیلئے بھاؤ تاؤ عروج پر ہیں، جس کا جانور آگیا وہاں بچے مہمان جانوروں کو اپ ٹو ڈیٹ بنانے میں مصروف ہیں،بزرگ ٹوکری ،چٹائیوں اور دیگر لوازمات کی تیاری میں جت گئے۔

ملک بھر میں عید قرباں کی تیاریاں زور پکڑ گئی ہیں، زيادہ تر لوگ قربانی کا جانور خریدنے میں کامیاب ہوچکے ہیں، لیکن منڈیوں میں ابھی بھی رش ہے ، جانوروں کے سودے ہورے ہیں، آج منڈیوں میں ڈبل گیم چل رہا ہے ۔

ایک طرف بیوپاری اپنے بچے کچھے جانورں کو جلد از جلد بیچ کر نکلنا چاہ رہے ہیں تو دوسری طرف خریدار اس جلدی کو بھانپ کر قیمتیں گران میں لگے ، لیکن وقت ہے کہ تیزي سے گزررہا ہے ، جانور فروخت ہورہے ہیں ، یہ نہ ہو کچھ بچے نہ ، اس سوچ پر خریدار زيادہ قیمت بھی دینے میں پھنس رہے ہيں اور جن گھروں میں قربانی کا جانور آچکا ہے اس گھر کا ماحول معمول سے الگ ہے ، بچوں نے رش لگا رکھا ہے، اپنے دوستوں کو بھی بلاکر جانور دکھارہے ہيں اسے کھلا پلارہے ہیں ۔

سال بھر نظرنہیں پڑتی،عید آتے ہی قصاب وی آئی پی بن جاتے ہیں ، جنہوں نے کمر کس کےچھریوں کو تیز کرلیا ہے،جانور ذبح کرانےوالے قصابوں کے پیچھے پیچھے ہیں۔قربانی کے لیے بہت سوں کی قصائیوں سے ڈیل ہوچکی ہے لیکن بہت سے ابھی بھی ایک سے دوسرے قصائی کے چکر لگارہے ہيں ،قربانی کا وقت قریب سے قریب آرہا ہے ، سارے جتن قصائی کو گھیرنے کے ہیں ، جس کے ہاتھ لگا وہی سکندر ہے۔

کراچی والوں کے جانور ذبح کرنے کیلئے دوسرے شہروں سے بھی قصابوں کی آمد جاری ہے،بدین سے پہنچے 32 قصابوں نے کراچی کے علاقے ایف بی ایریا کے پارک میں رات گزاری ۔صبح ہوتے ہیں چھریوں کو دھار لگانا شروع کردی ۔کراچی شہر میں جگہ جگہ چٹائیوں اور ٹوکریوں کے اسٹال لگ گئے ۔

دوسری طرف حکومت سندھ نےقربانی کی کھالیں جمع کرنے کا ضابطہ اخلاق جاری کردیا ہے ،کھالیں جمع کرنے کیلئے کمشنر یا ڈپٹی کمشنر سے پیشگی اجازت نامہ حاصل کرناہوگا۔کھالیں جمع کرنے کیلئے کیمپ لگانے کی اجازت نہیں ہوگی اور نہ ہی کسی قسم کا اعلان کرنے کی اجازت ہوگی۔

پوسٹر یا بینرز کے ذریعے کھالیں مانگنے کی اجازت نہیں ہوگی،کھالیں ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقل کرنے کیلیے بھی اجازت نامہ لازمی ہے۔ عید الاضحیٰ پر کسی بھی قسم کا اسلحہ، ڈنڈے اور لاٹھی لیکر چلنے پرپابندی ہوگی، پابندی کااطلاق لائسنس یافتہ اسلحے پر بھی ہوگا۔

پیپلز پارٹی ہو،پی ٹی آئی ہو،ایم کیو ایم ہو یا جماعت اسلامی،بڑی عید پرسیاست دان بھی قربانی کے لئے تیارہیں ۔ مشیر اطلاعات سندھ مولا بخش چانڈیو عید پر دو بکرے قربان کریں گے،رکن قومی اسمبلی نفیسہ شاہ کہتی ہیں قربانی تو بکرے کی ہی اچھی لگتی ہے ،نثار کھوڑو کا دو گائے قربان کرنے کا ارادہ ہے،امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق بھی اپنے بکروں کی دیکھ بھال میں مصروف ہیں۔جماعت اسلامی کراچی کے امیر نعیم الرحمان اور ایم کیو ایم کے رہنما خواجہ اظہار گائے میں حصہ ڈالیں گے۔پی ٹی آئی کے عمران اسماعیل ابھی مویشی منڈی کے چکر لگا رہے ہیں ۔

مزید خبریں :