13 ستمبر ، 2016
وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے شکار پور میں خانپور امام بارگاہ پر خودکش حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے،دوسری طرف شکار پور میں زندہ پکڑا گیا خودکش بمبار شہریوں کے ہتھے چڑھ گیا ، انہوںنے تشدد کے بعد تفتیش بھی کرڈالی۔
اپنے پیغام میںوزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے پولیس اور رضاکاروں کے بروقت اقدام کی تعریف کی اور کہا کہ اہلکاروں نے اپنی جان کی پرواہ نہ کرتے ہوئے بڑے جانی نقصان سے بچا لیا، انہوں نے زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لئے دعا بھی کی۔
حملہ آور کہتا ہے ایک دن پہلے بلوچستان سے یہاں آیا تھا ، ہوٹل میں رکا تھا ، اپنا اور مارے گئے ساتھی کا نام بھی بتادیا ۔
اس سے قبل شکارپور کی خانپور امام بارگاہ میں دو خودکش حملہ آوروں نے داخل ہونےکی کوشش کی ،روکے جانے پر ایک نے خود کو دھماکے سے اڑالیا ، ایک کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا،دھماکے میں3 پولیس اہلکار زخمی ہوئے۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے حملے کی جگہ کا دورہ کیا اور کہا کہ گرفتار حملہ آور سے تفتیش جاری ہے،حملہ آوروں کی جڑ تک پہنچیں گے۔