19 ستمبر ، 2016
پاکستان نے اڑی سیکٹرواقعہ پربھارتی قیادت کےغیرمصدقہ بیانات پرتشویش کا اظہار کیا ہے ۔مشیر خارجہ سرتاج عزیز نےکہا ہے کہ پاکستان بھارتی حکام کےبےبنیاداورغیرمصدقہ الزامات کی تردید کرتا ہے۔
مشیر خارجہ سرتاج عزیز نےاڑی واقعےپربھارتی ردعمل پر نیو یارک میں کہا کہ باقاعدہ تحقیقات سےقبل پاکستان پرالزام عائدکرناافسوسناک ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ برہان وانی کی شہادت کے بعد مقبوضہ کشمیر میں ہونے والی انسانی حقوق کی صورتحال پر سے توجہ ہٹانے کی واضح کوشش ہے ۔
مشیر خارجہ کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پاکستان کی پیدا کردہ نہیں ہےبلکہ یہ بھارت کے غیر قانونی قبضہ اور ظلم کی طویل تاریخ کا نتیجہ ہے،جس میں ایک لاکھ افراد شہید ہوچکے ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ مقبوضہ وادی میں 73روزسےجاری کرفیو اور احتجاج کے دوران بھارتی جارحیت سےبچےاوربوڑھےبھی محفوظ نہیں،جس کے دوران ایک سو زیادہ کشمیری شہید اور ہزاروں زخمی ہوچکے ہیں اور بڑی تعداد میں نوجوان پلیٹ گن کی فائرنگ سے نابینا ہوگئے ہیں ۔