کھیل
10 اکتوبر ، 2016

دوسرا ون ڈے: بنگلہ دیش نے انگلینڈ کو 34 رنز سے ہرا دیا

دوسرا ون ڈے: بنگلہ دیش نے انگلینڈ کو 34 رنز سے ہرا دیا

انگلینڈ اور بنگلہ دیش کے درمیان کھیلے جانے والے دوسرے ایک روزہ میچ میں میزبان ٹیم نے انگلینڈ کو 34رنز سے شکست دے کر سیریز ایک ایک سے برابر کردی ہے۔

کپتان مشرفی مرتضیٰ نے حق قیادت ادا کرتے ہوئےآل رائونڈ کارکردگی پیش کی۔ انہوں نے جارحانہ بیٹنگ اور پھر تباہ کن بولنگ کرتے ہوئے میزبان ٹیم کو تن تنہا ہی فتح یاب کرادیا۔

قبل ازیں اتوار کو انگلینڈ نے ٹاس جیت کر بنگلہ دیش کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ انگلش بولرز نے بہتر بولنگ کرتے ہوئے ہوم سائیڈ کو مقررہ50اوورز میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر238رنز تک محدود رکھا۔

ٹائیگرز کی جانب سے قابل اعتماد آل رائونڈر محمود اللہ نے 88گیندوں میں چھ چوکوں کی مدد سے 75رنز بنائے۔ کپتان مرتضیٰ نے جارحانہ کھیل پیش کیا اور 29گیندوں میں دو چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 44رنز اسکور کیے۔

مشفق الرحیم نے 21،مصدق حسین نے29اور ناصر حسین نے ناقابل شکست 27رنز بنا کر اسکور کو بہتر مقام تک پہنچانے میں مدد کی۔ انگلینڈ کی جانب سے کرس ووکس، عادل راشد اور جیک بال نے 2،2کٹیں حاصل کیں۔

جواب میں مشرفی مرتضیٰ اور تسکین احمد کی تباہ کن بولنگ کے سبب انگلینڈ کی پوری ٹیم44.4اوورز میں 204 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ وکٹ کیپر بیٹسمین جونی بیرسٹو اور کپتان جوز بٹلر کے علاوہ کوئی بھی بیٹسمین جم کر نہ کھیل سکا۔

بٹلر نے 57 گیندوں میں 7 چوکوں کی مدد سے57رنز اسکور کیے، جبکہ جونی بیئرسٹو نے 35 رنز بنائے۔ 159 رنز پر نو وکٹ گنوانے کے بعد عادل رشید اور جیک بال نے ٹیم کو فتح دلانے کی کوشش کی ،انہوں نے آخری وکٹ کی شراکت میں45رنز اسکور کیے لیکن میچ نہ جتوا سکے۔

بال 22 گیندوں میں28رنز بنا کر آؤٹ ہوئےاور عادل رشید 33 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔ مرتضیٰ نے چار اور تسکین احمد نے تین وکٹ لیے۔ شکیب الحسن، ناصر حسین اور مصدق حسین نے ایک ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔

مزید خبریں :