20 جون ، 2012
واشنگٹن …امریکہ نے خطے میں غیر متوقع تنازعات اور جنگوں سے بروقت نمٹنے کی غرض سے کویت میں فوج کی تعداد میں نمایاں اضافے کا منصوبہ تیار کرلیا۔ امریکی کانگریس کی جانب سے جاری رپورٹ کے مطابق عراق سے فوجی انخلاء اور ایرانی صورتحال اور خطے میں ممکنہ بغاتوں اور شورشوں کو کچلنے کیلئے کویت میں امریکی فوج کی تعداد 13500 تک بڑھانے کا منصوبہ تیار کیا گیا ہے۔ رپوررٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ دنیا کے سب سے بڑے تیل و گیس کے ذخائر کی موجودگی کے باعث خلیج فارس کا استحکام عالمی معیشت کیلئے انتہائی اہم ہے ۔ایرانی ایٹمی پروگرام کی وجہ سے خطے کو اس وقت متعدد سیاسی اور سیکیورٹی چیلنجوں کا سامنا ہے۔ امریکی سینیٹ کی خارجہ تعلقات کمیٹی نے رپورٹ میں خلیج تعاون کونسل کے 6 رکن ملکوں سعودی عرب، کویت،بحرین، قطر، اومان اور متحدہ عرب امارات کے ساتھ تعلقات کا تفصیلی جائزہ بھی پیش کیا ہے۔ کویت اور بحرین میں سیاسی بحران کے علاوہ مشرق وسطیٰ کے متعدد ملکوں میں عوامی بغاوتوں کا سلسلہ جاری ہے اس سلسلے میں امریکی مفادات کے تحفظ کیلئے فوجی قوت میں اضافہ ناگزیر ہوچکا ہے۔ رپورٹ کے مطابق دوسری جانب خطے کے ممالک کو ایران کے ایٹمی پروگرام سے بھی خطرات لاحق ہیں۔