پاکستان
17 اکتوبر ، 2016

وزیراعظم سے آرمی چیف کی اہم ملاقات

آصف علی بھٹی...وزیراعظم نوازشریف سے آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے اہم ملاقات کی جس میں ملک کی اندرونی سیکیورٹی اور سرحدی سلامتی کے امور پر غور کیاگیا۔

وزیراعظم نوازشریف سے آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی ملاقات وزیراعظم ہاؤس میں ہوئی،ذرائع کا کہنا ہے کہ آرمی چیف نے ایک انگریزی اخبار کو قومی سلامتی کے منافی خبر فیڈ کیے جانے پر وزیر اعظم کو کور کمانڈرز کی گہری تشویش سے بھی آگاہ کیا۔

اعلیٰ سطح کے ذرائع کا کہنا ہے کہ آرمی چیف نے وزیر اعظم کو حالیہ کور کمانڈرز کانفرنس کے اہم فیصلوں اور کور کمانڈرز کی گہری تشویش سے تفصیلی طور پرآگاہ کیا۔

انہوں نے بتایا کہ کور کمانڈرز کانفرنس نے اس بات پر سخت تشویش ظاہر کی تھی کہ وزیراعظم ہاؤس میں قومی سلامتی پر ہونے والے اعلیٰ سطح کے اجلاس سے متعلق ایک انگریزی اخبار کو جھوٹ اور مبالغہ آرائی پر مبنی مواد فیڈ کیا گیا، جوقومی سلامتی کے منافی اقدام تھا۔

آرمی چیف نے یہ بھی بتایا کہ کورکمانڈرز اجلاس میں بھارت کی جانب سے ایل او سی کی خلاف ورزیوں، مسلح افواج کی بھرپور جوابی کارروائیوں اور سرحدوں کی حفاظت کے لیے تیاریوں کےامور پر بھی تفصیلی غور کیاگیاتھا۔

ترجمان وزیر اعظم ہاؤس کے مطابق وزیر اعظم سے آرمی چیف کی ملاقات میں ملک کی اندرونی سلامتی کے امور سمیت خطے کی سیکیورٹی صورت حال پرتبادلہ خیال کیا گیا ہے۔

اس کے علاوہ اجلاس میں کراچی آپریشن سمیت آپریشن ضرب عضب اور نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد کے امور کا بھی جائزہ لیا گیا ہے۔

مزید خبریں :