30 نومبر ، 2024
رحیم یار خان: جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے خیبر پختونخوا میں گورنر راج لگانے کی حمایت نہیں کرتے یہ جمہوریت کے منافی ہے۔
رحیم یار خان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں کوئی حکومت نہیں، دونوں صوبوں میں افرا تفری ہے، ملک میں انار کی مسئلے کا حل نہیں، دھاندلی سے پاک دوبارہ الیکشن کرائیں۔
انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں گورنر راج لگانے کی حمایت نہیں کرتے، گورنر راج جمہوریت کے منافی ہے لیکن ناگزیر حالات میں لگایا جا سکتا ہے۔
دوسری جانب چارسدہ میں گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے عوامی نیشنل پارٹی کے صدر ایمل ولی کا کہنا تھاکہ پی ٹی آئی پر پابندی کو سپورٹ کرتے ہیں، پی ٹی آئی غیر جمہوری رویہ رکھتی ہے، 9 مئی اور 24 نومبر کے واقعات پابندی کا بہترین جواز ہیں، گورنر راج مسئلے کا حل نہیں، گورنر راج سے صرف انا اور ضد پوری ہو جائے گی۔
ادھر وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کراچی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی کسی پارٹی پر پابندی کی حمایت نہیں کرے گی۔