پاکستان
19 اکتوبر ، 2016

جموں و کشمیر، پاکستان اور بھارت کے درمیان بنیادی تنازع ہے،اوآئی سی

او آئی سی پارلیمانی فورم کا کہنا ہے کہ جموں و کشمیر کا مسئلہ پاکستان اور بھارت کے درمیان بنیادی تنازع ہے ،کشمیریوں کو سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق مستقبل کے فیصلے کا حق اور مقبوضہ وادی میں اقوام متحدہ کا فیکٹ فائنڈنگ مشن بھیجا جائے۔

اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے او آئی سی فورم میں پاکستان کی نمائندگی کی اور مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم پر اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے معاملے کو اجاگر کیا۔ ایاز صادق نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر سے توجہ ہٹانے کےلیے پورے خطے کی سلامتی خطرے میں ڈال رہا ہے۔

ایاز صادق نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں نہتے کشمیریوں پر پیلٹ گن استعمال کی جا رہی ہے،بھارت لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کر رہا ہے، پاکستانی عوام ہر قیمت پر ملکی خود مختاری اور علاقائی کی حفاظت کےلیے تیار ہیں۔

ادھر دفتر خارجہ کے مطابق انقرہ میں ہونےو الے او آئی سی پارلیمانی فورم کے اعلامیے میں رکن ملکوں نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ظلم وستم کی شدید مذمت کرتے ہوئے کشمیریوں کے حق خود ارادیت کا اعادہ کیا ہے۔

دفتر خارجہ کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم سے متعلق دستاویزی فلم دکھائی گئی، جس میں بھارتی گولیوں کا نشانہ بننے والی خواتین اور بچوں سمیت اجتماعی قبروں کی دریافت کو بھی دکھایا گیا۔

مزید خبریں :