پاکستان
26 اکتوبر ، 2016

سی پیک منصوبے کے فوائد کاریک ممالک کو بھی پہنچیں گے،وزیراعظم

 

وزیراعظم نوازشریف نے کہا ہے کہ کاریک رکن ملکوں میں تعاون بڑھانے کے لئے اہم فورم ہے، کاریک ممالک توانائی، ٹرانسپورٹ اور تجارت میں تعاون کرسکتے ہیں، سی پیک منصوبے کے فوائد کاریک ممالک کو بھی پہنچیں گے۔

اسلام آباد میں وسط ایشیائی علاقائی اقتصادی تعاون تنظیم ’’کاریک‘‘ کے 15ویں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نوازشریف نے شرکت کے لئے آنے والے مندوبین کو خوش آمدید کہا۔

انہوں نے کہا کہ کاریک پروگرام کا تصور1996 میں پیش کیا گیا، جس کا مقصد رکن ممالک میں پائیدار ترقی کے اہداف حاصل کرنا ہے، کاریک ممالک کی شراکت ترقی کے خواب کو حقیقت میں بدلے گی اور باہمی تعاون غربت کے خاتمے میں مددگار ثابت ہوگا، علاقائی روابط میں مضبوطی کے لیے مواصلاتی نظام کی ترقی ضروری ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ کاریک وسط ایشیائی ریاستوں کی منڈیوں تک پہنچنے کے لیے اہم منصوبہ ہے، سی پیک منصوبے کے فوائد تنظیم کے رکن ممالک کو بھی پہنچیں گے، کاریک منصوبے میں ایشین ڈویلپمنٹ بینک اور دیگر شراکت دار تعاون فراہم کررہے ہیں۔

مزید خبریں :