22 جون ، 2012
کراچی ... کراچی کے علاقے نارتھ کراچی میں لڑکی کے اغوا کی افواہ پھیلنے کے بعد لوگ مشتعل ہوگئے اور ہنگامہ آرائی شروع کردی۔ اس دوران ایک مسافر کوچ اور پتھاروں کو آگ لگادی گئی۔نارتھ کراچی میں ڈسکو موڑ کے قریب کار سوار ملزموں کی جانب سے ایک لڑکی کے اغوا کی غیر مصدقہ اطلاع پر علاقے کے لوگ سڑکوں پر آگئے۔ مظاہرین نے جلاوٴ گھیراوٴ اور پتھراوٴ کیا جس سے علاقے میں دکانیں بند ہوگئیں اور ٹریفک معطل ہوگیا۔ نامعلوم افراد نے یوپی موڑ پر ایک مسافر کوچ اور پتھاروں کو بھی آگ لگا دی۔ پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری علاقے میں پہنچ گئی اور مشتعل مظاہرین کو مذاکرات کے بعد منتشر کردیا۔ سرسید ٹاوٴن پولیس نے میڈیا کو بتایا کہ لڑکی کے اغوا کی تصدیق نہیں ہوئی ہے۔