10 نومبر ، 2016
پاکستان کرکٹ بورڈ ایگزیکٹیو کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی کا کہنا ہےکہ پاکستان نے بھارتی کرکٹ بورڈاور آئی سی سی سے شیڈول سیریز منسوخ کرنے پر مالی خسارے کوپورا کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
نجم سیٹھی نے کہا کہ ʼہم نے جنوبی افریقا میں ہونے والےاجلاس میں بی سی سی آئی اور آئی سی سی سے واضح طورپر کہا ہے کہ بھارت کو پاکستان کے ساتھ کھیلنا چاہیے یا وہ پاکستان کے نقصان کا ازالہ کرے۔
بی سی سی آئی کے صدر انوراگ ٹھاکر پہلے ہی آئی سی سی سے درخواست کرچکے ہیں کہ کسی بھی عالمی ٹورنامنٹ میں پاکستان اور بھارت کی ٹیموں کو ایک گروپ میں نہ رکھاجائے گی۔بی سی سی آئی کے صدر نے کہا تھا کہ ʼیہ بات ذہن میں رہنی چاہیے کہ بھارتی حکومت عوام کی رائے کو دیکھتے ہوئے پاکستان کو تنہا کرنے کی نئی حکمت عملی اپنا چکی ہے، اس لیے ہم آئی سی سی سے درخواست کرتے ہیں کہ ہندوستان اور پاکستان کو عالمی ٹورنامنٹ میں ایک گروپ میں نہیں رکھا جائے۔
واضح رہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان سیاسی تناؤ کے باعث کرکٹ کی دو طرفہ سیریز منقطع ہیں۔پاکستان اور بھارت کے درمیان آخری دفعہ ٹیسٹ سیریز 2007 میں ہوئی تھی جب شعیب ملک کی قیادت میں پاکستان ٹیم نے بھارت کا دورہ کیا تھا جبکہ بھارت کی قیادت انیل کمبلے کررہے تھے اور یہ سیریز 1-1 سے برابر رہی تھی۔