22 جون ، 2012
لندن … لندن میں ومبلڈن پارٹی کا اہتمام کیا گیا جس میں رنگ و نور کی بارش ہوئی، جہاں ٹینس حسینائیں شرکت کیلئے کنگسٹن روف گارڈن پہنچیں، رولینڈ گیروس کا وقت گزر گیا ، اب میلہ لگنے والا ہے ومبلڈن کا ۔ یہ تقریب لگ تو رہی تھی فلمی دنیا کی ، لیکن ایسا تھا نہیں ۔ چمکتے دمکتے چہرے فلمی ہیروئنوں کیلئے نہیں بلکہ ٹینس کورٹ کی رانیوں کے تھے ، جو موجود تھیں ومبلڈن پارٹی میں ۔اس پارٹی میں روس حسینا ماریا شراپوا ، ڈنمارک کی کیرولین ووزنیاکی ، چین کی لی نا کے ساتھ امریکی ٹینس اسٹارز ولیم سسٹرزبھی موجود تھیں۔ اس تقریب میں سربیا کی اینا ایوانوچ بھی نگاہوں کا مرکز بنی رہیں۔ پری ومبلڈن پارٹی میں ٹینس اسٹارز نے خوب انجوائے کیا اور ٹینس کورٹ میں ایک دوسرے کی مخالف نظر آنے والی یہ تمام خواتین ایک دوسرے سے گھلی ملی نظر آئیں۔ دلکش و دیدہ زیب لباس زیب تن کی ہوئیں اسٹارز نے اس تقریب کو چار چاند لگائے۔ اپنے دلکش پہناوے سے ایک دوسرے پر سبقت لے جانے کی کوشش کرنے والی حسینائیں ومبلڈن میں بھی ایک دوسرے پر بازی لیجانے کیلئے پر عزم ہیں۔