16 نومبر ، 2016
وزیراعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ دشمن کے عزائم سے آگاہ ہیں، کسی بھی جارحیت کامنہ توڑجواب دیں گے، بھارت کی جانب سے سیز فائر کی مسلسل خلاف ورزیاں تشویش ناک ہیں۔
وزیر اعظم نے آرمی چیف کےساتھ خیر پور ٹامے والی میں پاک فوج کی رعد البرق مشقوں کا معائنہ کیا، آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے وزیراعظم نواز شریف کو آج مشقوں کا معائنہ کرنے کی دعوت دی تھی،اختتامی تقریب سے خطاب میں وزیر اعظم کا یہ بھی کہنا تھا کہ رعد البرق اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کےلیے تیار ہے، مسئلہ کشمیر کشمیری عوام کی امنگوں اوراقوام متحدہ کی قراردادوں کےمطابق حل کیا جائے ۔
کنٹرول لائن پر پاکستان کا صبر آزمانے والی دلی سرکار کو سیاسی اور عسکری قیادت نے دو ٹوک پیغام بھیج دیا، وزیر اعظم نے کہا کہ لائن آف کنٹرول پر کنٹرول میں رہو، پاکستان آرمی آپے سے باہر ہونے والے دشمن کو منہ توڑ جواب دینا جانتی ہے۔
وزیر اعظم نواز شریف نے کہا کہ دشمن کے عزائم سے آگاہ ہیں، ہم خطے میں ہونے والے حالیہ واقعات سے لاتعلق نہیں رہ سکتے، اگرکسی بھی ملک کی جانب سے پاکستان کی سیکیورٹی اورعلاقائی سالمیت کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی گئی تواس کا بھرپورجواب دیا جائے گا۔
وزیر اعظم نے دنیا کو ایک بار پھر یاد دلایا کہ مسئلہ کشمیر ہی پاکستان اور بھارت کے درمیان اصل تنازع ہے، جو اب تک سنجیدہ حل کا منتظر ہے۔
رعد البرق مشقوں کو پاک فوج کی جنگی تیاریوں اور قابلیت کا بہترین مظہر قرار دیتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ پاکستانی مسلح افواج کسی بھی جارحیت کاجواب دینے کے لیے تیار ہیں۔