18 نومبر ، 2016
بلوچستان اسمبلی کی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی نے محکمہ بلدیات کو پچھلے 3برسوں میں دیے گئے فنڈز کی تحقیقات کرانے کا فیصلہ کیا ہے ،صوبے کی 635یونین کونسل میں سے صرف چند کو پچھلے 3 برسوں میں اربوں روپے کے فنڈز دے دئیے گئے دیگر یونین کونسلز فنڈز سے محروم رہیں ۔
یہ انکشافات بلوچستان اسمبلی کی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کےگزشتہ روز اجلاس میں سامنے آئے ،جس میں محکمہ بلدیات کے حوالے سے جانچ پڑتال کی گئی ،کمیٹی کے ارکان اس وقت حیران رہ گئے جب انہیں بتایا گیا صوبے کی635یونین کونسلز میں سے6 یا7 کو پچھلے 3 سال میں اربوں روپے کے فنڈز دئیے گئے جب کہ دیگر یونین کونسلز فنڈز سے محروم رہیں۔
ضلع بولان کی علاقے مچھ یونین کونسل کو صرف ایک ماہ میں 35کروڑروپے دیے گئے،چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی عبدالمجید اچکزئی نے محکمہ بلدیات کو پچھلے 3سالوں میں دئیے گئے فنڈز کا آڈٹ کرانے فیصلہ کیا جبکہ سیکرٹری خزانہ کو 3 دن میں محکمہ بلدیات کا ریکارڈ پیش کرنے کی ہدایت بھی کی گئی ،اس کے ساتھ اس حوالےسے ڈی جی نیب کو بھی خط لکھنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ۔
چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی عبدالمجید اچکزئی نےبتایا کہ کمیٹی محکمہ بلدیات کو 2002سے اب تک دیے گئے فنڈز کی تحقیقات کرانے پر بھی غورکررہی ہے ۔