کاروبار
25 نومبر ، 2016

شہبازشریف، بورس جانسن ملاقات: تعاون بڑھانے پر غور

شہبازشریف، بورس جانسن ملاقات: تعاون بڑھانے پر غور

 

وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف سے برطانوی وزیر خارجہ بورس جانسن نے ملاقات میں مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے اور باہمی دلچسپی کے امور پرتبادلہ خیال کیا ہے،بورس جانسن نے علامہ اقبال کے مزار پر حاضری دی اور بادشاہی مسجد کا دورہ بھی کیا۔

برطانوی وزیر خارجہ بورس جانسن نے وفد کے ہمراہ وزیراعلیٰ شہبازشریف سے ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعلقات سمیت خطے کی صورتحال پرتبادلہ خیال کیاگیا۔

اس موقع پر بورس جانسن نے کہا ہے کہ پنجاب خصوصاً لاہور میں سیاحت کے بے پناہ مواقع موجود ہیں، برطانوی کمپنیاں پنجاب میں سرمایہ کاری کیلئے آئیں گی۔

انہوں نے کہا کہ تعلیم،انفرااسٹرکچر کی بہتری اور دیگر شعبوں میں پنجاب حکومت نے نمایاں کام کیا ہے اور پنجاب پاکستان کا معاشی انجن ہے۔

ملاقات میں شہباز شریف نے کہاکہ دہشت گردی کے خاتمے اور توانائی بحران پر قابو پانے کیلئے نتیجہ خیز اقدامات کئے گئے ہیں،پنجاب میں برطانوی ٹیکس پیئرز کے پیسے کا انتہائی شفاف اور درست استعمال یقینی بنایا گیا ہے۔

شہباز شریف نے مزید کہا کہ آج پاکستان پہلے سے زیادہ محفوظ، پرامن اور معاشی طو رپرمستحکم ہے ۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے بورس جانسن کی جانب سے جناح کانفرنس کے انعقاد کیلئے تعاون کی فراہمی کو خوش آئند قرار دیا ۔

مزید خبریں :