پاکستان
27 نومبر ، 2016

جی ایچ کیومیں کمان کی تبدیلی کیلئے تقریب کی تیاریاں مکمل

جی ایچ کیومیں کمان کی تبدیلی کیلئے تقریب کی تیاریاں مکمل

 

پاک فوج کی کمان میں تبدیلی کیلئے تقریب کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں، نئے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ 29 نومبر کو فوج کی کمان سنبھالیں گے،، تقریب میں وفاقی وزراء، فوج کے سابق سربراہوں کے ساتھ فضائیہ اور بحریہ کے سربراہان، فوجی افسران اور دیگر اعلیٰ شخصیات شرکت کریں گی ۔

پاک فوج کی کمان 16ویں سپہ سالار جنرل قمر جاوید باجوہ کو 29 نومبر کی صبح دس بجے سونپی جائے گی ۔ تقریب کے باقاعدہ آغاز سے پہلےجنرل راحیل شریف جنرل قمرباجوہ کو جی ایچ کیو میں بیجز لگائیں گے جس کے بعد سبکدوش ہونے والے آرمی چیف اپنے جانشین کے ہمراہ تقریب میں پہنچیں گے ۔ جنرل راحیل شریف کو ان کی فرنٹئیر فورس رجمنٹ کا دستہ جبکہ جنرل قمر باجوہ کو ان کی بلوچ رجمنٹ کا دستہ سلامی پیش کرے گا۔

تقریب کے سب سے اہم لمحے میں سبکدوش ہونے والے آرمی چیف جنرل راحیل شریف فوج کی کمان کی چھڑی اپنے جانشین جنرل قمر جاوید باجوہ کو سونپیں گے۔ تقریب کیلئے دعوت نامے جاری کرنے کی تیاری شروع کر دی گئی ہے ۔ کابینہ کےاراکین سمیت فضائیہ اور بحریہ کے سربراہان تقریب میں شریک ہوں گے ۔

اس کے علاوہ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل زبیر حیات بھی تقریب میں شریک ہوں گے جبکہ سبکدوش ہونیوالے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل راشد محمود بھی تقریب میں مدعو ہوں گے۔ غیر ملکی سفارتکاروں، ریٹائرڈ اعلیٰ فوجی حکام اور میڈیا کے ارکان کو بھی دعوت نامے جاری کئے جائیں گے ۔

مزید خبریں :