کھیل
28 نومبر ، 2016

نیوزی لینڈ کی اننگز ڈکلیئر،368 رنز کی برتری

نیوزی لینڈ کی اننگز ڈکلیئر،368 رنز کی برتری

 

نیوزی لینڈ نے ہیلمٹن ٹیسٹ پر اپنی گرفت مضبوط کرلی، پاکستانی بیٹسمینوں کی ناکامی کے بعد بولرزمتاثر نہ کرسکے،کیویز نے 313رنز 5 کھلاڑی آؤٹ پر اننگز ڈکلیئر کردی ،یوں اسے پاکستان کے خلاف مجموعی طور پر 368رنز کی برتری حاصل ہوگئی ہے۔ چوتھے روز کھیل کے اختتام پر پاکستان نے بغیر کوئی وکٹ گنوائے ایک رن بنایا تھا۔

سیڈن پارک ، ہیلمٹن میں کھیلے جارہے ٹیسٹ میں کیویز نے 55رنز کی برتری کے ساتھ دوسری اننگز کا آغاز کیا، پاکستان کو جلد ہی کامیابی ملی اورمحمد عامر نے 11کے مجموعی اسکور پر جیت راول کو پویلین کی راہ دکھادی، وہ صرف 2رنز بناسکے۔

اس کے بعد کپتان ولیم سن کریز پر آئے اور لیتھم کے ساتھ مل کر دوسری وکٹ کی شراکت میں 96رنز بناکر بولرز کے حوصلے پست کردیئے، اس موقع پر ولیم سن 42رنز کی اننگز کھیل کر عمران خان کی گیند پر وکٹ کے پیچھے سرفراز کو کیچ دے بیٹھے۔ لیتھم 80رنز کی شاندار اننگز کھیل کر پویلین لوٹے، نکولس 26رنز بناکر آؤٹ ہوئے اور گرینڈہوم 32رنز کی اننگز کھیلی۔

راس ٹیلر نے دوسرا اینڈ سنبھالے رکھا اوراپنی سنچری مکمل کی، ٹیسٹ کیریئر میں یہ ان کی 16ویں سنچری ہے۔

نیوزی لینڈ کا اسکور 5 وکٹوں کے نقصان پر313رنز ہوا تو کپتان ولیم سن نے اننگز ڈکلیئر کرنے کا اعلان کردیا، یوں کیویز کو پاکستان کے خلاف مجموعی طور پر 368رنز کی برتری حاصل ہوگئی ہے۔

پاکستان کی طرف سے عمران خان نے 3جبکہ محمد عامر اوروہاب ریاض نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

مزید خبریں :