24 جون ، 2012
پشاور … خیبر پختونخوا حکومت نے غیر ملکی سفارتکاروں کے ملاکنڈ، ڈیرہ اسماعیل خان اور کوہاٹ ڈویژنز میں بغیر اجازت داخلے پر پابندی عائد کردی۔ محکمہ داخلہ کے مطابق سفارتکاروں، سفارتی مشنوں، غیرملکی این جی اوز کے نمائندوں اور ان کے پاکستانی اہلکاروں کو ملاکنڈ، کوہاٹ اور ڈیرہ ڈویژن میں داخلے سے قبل پیشگی اجازت لینے کی ہدایت کی گئی ہے۔ سفارتکاروں کو خیبر پختونخوا کے مذکورہ علاقوں کے دورے کے مقاصد اور وجوہات سے بھی آگاہ کرنے کا پابند بنایا گیا ہے جبکہ غیر ملکیوں کو پاک افغان سرحدی علاقوں میں جانے، کسی کا انٹرویو کرنے اور مختلف علاقوں کی تصویریں بنانے سے بھی باز رہنے کا حکم دیا گیا ہے۔