24 جون ، 2012
کراچی … مشیر داخلہ رحمان ملک نے دعویٰ کیا ہے کہ کراچی میں ٹارگٹ کلنگ میں تحریک طالبان پاکستان کے شواہد موجود ہیں، رمضان میں لوگ کھجور جمع کرتے ہیں بھتہ خوروں کو اسی طرح جیلوں میں جمع کردیں گے۔ مزار قائد پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے وفاقی مشیر داخلہ رحمان ملک نے کہا کہ سیاسی جماعتیں جرائم پیشہ افراد کو اپنی صفوں سے باہر نکالیں، سیاسی جماعتوں کو اگر خفیہ اداروں کی ضرورت ہے تو مدد فراہم کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ سیاسی پشت پناہی رکھنے والے جرائم پیشہ افراد کی فہرستیں موجود ہیں۔ رحمان ملک کا کہنا تھا کہ تحریک طالبان پاکستان کراچی میں ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آئندہ چند ہفتوں میں تیز ٹارگٹڈ آپریشن کریں گے، جس طرح لوگ رمضان میں کھجوریں جمع کرتے ہیں اس طرح بھتہ خوروں کو جیل میں جمع کردیں گے۔