25 جون ، 2012
گال…گال ٹیسٹ میں پاکستان ٹیم کو شرمناک شکست کاخطرہ ہے،510رنز کے تعاقب میں تین بیٹسمین صرف 36رنزپرپویلین لوٹ چکے ،باقی کھلاڑیوں کو شکست ٹالنے کے لیے دو دن بیٹنگ کرنا ہو گی یا مزید 474رنز بنانے ہوں گے۔ گال ٹیسٹ میں تجربے سے مالا مال پاکستانی کرکٹرز گال میں کنگال نظرآئے۔ سری لنکا کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز پاکستانی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 100رنز بناکر ڈھیر ہوئی جس کے بعد سری لنکا نے اپنی دوسری اننگز 5وکٹوں کے نقصان پر 137رنز پر ڈکلیئر کرکے پاکستان کو 510رنز کا ہدف دیا لیکن کیا کہنا پاکستانی ٹیم کا جو دوسری اننگز میں بھی صرف 36رنز بناکر 3 وکٹیں گنوا بیٹھی۔ محمد حفیظ 4، توفیق عمر 10اور اظہر علی 7رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔ پاکستان کو میچ میں کامیابی کے لیے 474رنز جبکہ سری لنکا کو صرف 7وکٹیں درکار ہیں۔ گال ٹیسٹ میں پاکستان کی یقینی شکست کو صرف بارش ہی ٹال سکتی ہے۔ اگر آئندہ دو روز تک مسلسل بارش ہوئی تو سری لنکن ٹیم کی محنت پر پانی پھر سکتا ہے۔ آج میچ کے چوتھے روز بارش کا امکان موجود ہے۔