25 جون ، 2012
سڈنی… وکی لیکس کے بانی جولیان اسانج نے سویڈن میں مقدمات کا سامنا کرنے کے لئے آمادہ ہو جانے کی صورت امریکا کے حوالے نہ کئے جانے کی ضمانت طلب کرلی۔ 40سالہ آسٹریلوی نژاد جولیان اسانج نے لندن میں ایکواڈور کے سفارتخانے سے ایک آسٹریلوی روزنامے کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ اس کو برطانیہ ‘ امریکا اور سویڈن سے ضمانتیں مطلوب ہیں کیونکہ اس کو ڈر ہے کہ وہ اگر برطانیہ سے سویڈن اپنے خلاف مقدمہ کا سامنا کرنے کے لئے جانے کو تیار ہوگیا تو اس کو وہاں سے امریکا کے حوالے کردیا جائے گا۔ جہاں اس کے خلاف جاسوسی اور سازش کے مقدمات قائم ہو سکتے ہیں ۔ اسانج نے کہا کہ امریکا اس کے خلاف گرینڈ جیوری انوسٹیگیشن نہ کرنے کی ضمانت دے۔ اس نے کہا کہ اس کا معاملہ سنجیدہ سیاسی معاملہ ہے اور آسٹریلوی حکومت اس معاملے کو اس کی سنجیدگی کو مدنظر رکھ کر حل کرے۔ اس نے کہا کہ اسے اپنے ملک سے تحفظ ملنے کی ضمانت نہ تھی اس لئے وہ ایکواڈور کے سفارتخانے میں پناہ گزین ہوگیا۔