11 دسمبر ، 2016
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہےکہ کراچی سے کچرا اٹھانے کی ذمہ داری ان کی ہے اور وہ پورے سندھ کو اون کرتے اور ترقیاتی کام الیکشن سے پہلے ختم کرناچاہتے ہیں۔ انہوں نے میئر کراچی کو ساتھ نہ لے جانے کی کوتاہی مان لی اور آئندہ دوروں میں ساتھ رکھنے کا عزم ظاہر کیا ہے۔
سید مراد علی شاہ نے کراچی کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور جاری ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا ۔ اس موقع پر وزیربلدیات جام خان شورو اور وزیراعلیٰ کے مشیر سعید غنی بھی انکے ہمراہ تھے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ نے امید ظاہر کی کہ کراچی میں ترقیاتوں کاموں کو دسمبر تک کام مکمل کرلیں گے۔ ان کا کہنا تھاکہ شہر میں پانچ منصوبے شروع کیے ہیں۔
وزیراعلیٰ سندھ نے ایک سوال کے جواب میں میئر کراچی وسیم اختر کو ساتھ نہ لانے کی کوتاہی مانتے ہوئے کہا کہ رات کو دورہ کا پروگرام بنا،میئر سے درخواست کروں گا آئندہ دورے پر ساتھ آئیں۔
مراد علی شاہ کا کہنا تھاکہ امن وامان کی صورت حال کے حوالے سے بھی کام کیا جائے گا جبکہ آبی منصوبوں پر کام 4ماہ میں مکمل ہوگا۔ ترقیاتی کام آئندہ عام انتخابات سے پہلے ختم کرنا چاہتے ہیں ۔
ان کاکہنا تھاکہ شہر کی آبادی 2کروڑ سے زائد ہے،مردم شماری ہوگی تو صحیح پتہ چل سکے گا۔بلدیاتی اداروں کو جو مدد چاہیے ضرور فراہم کروں گا۔
وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھاکہ سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کسی کے اختیارات نہیں لے رہا ہے۔ خواجہ سعد رفیق میرے حوالے سے بات نہیں کرسکتے۔ امید ہے ن لیگ کی حکومت کو جمہوری طریقہ سمجھ آجائے۔