25 جون ، 2012
کراچی … متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین کا کہنا ہے کہ فوج، عدلیہ اور پارلیمنٹ سب اپنے دائرے میں رہ کر کام کریں، کسی کو اپنے دائرہ اختیار سے باہر نہیں جانا چاہئے، اداروں کا اپنے دائرے سے نکل کر اقدامات کا رجحان اداروں کیلئے خطرناک ہے، صدر زرداری نے ساڑھے 4 سال کڑے وقت کا سامنا کیا، کوئی اور ہوتا تو ہمت ہار جاتا، اپوزیشن نے جہاں اتنا صبر کیا تھوڑا اور کرلے۔ نومنتخب وزیراعظم راجا پرویز اشرف اور وفاقی وزراء کے نائن زیرو کے دورے کے موقع پر کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کا کہنا ہے کہ صدر نے یوسف رضا گیلانی کو نااہل قرار دینا قبول کرکے محاذ آرائی سے گریز کیا، صدر زرداری نے ساڑھے 4 سال کڑے وقت کا سامنا کیا، کوئی اور ہوتا تو ہمت ہار جاتا، اپوزیشن نے جہاں اتنا صبر کیا تھوڑا اور کرلے۔ انہوں نے کہا کہ این آر او پر اپوزیشن متحد ہوکر مجھ سے گفتگو کرے، اگر میں متحدہ اپوزیشن کو قائل نہ کرسکا تو سیاست چھوڑ دوں گا، ملک کا خزانہ لوٹنے والوں کا بائیکاٹ کریں گے، یہ اسی وقت ہوگا جب جمہوریت کی گاڑی چلتی رہے گی، انہوں نے اپیل کہ کہ خدارا اپوزیشن جمہوریت کی گاڑی کو چلتا رہنے دے۔ الطاف حسین نے کہا کہ اداروں کا اپنے دائرے سے نکل کر اقدامات کا رجحان اداروں کیلئے خطرناک ہے، ہمارے ملک میں ادارے موجود ہیں، ان میں تلخیاں نہیں ہونی چاہئیں، اپنے دائرہ کار سے باہر نکل کر کام کرنے کا رجحان غلط ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ادارے اپنے اختیارات سے تجاوز نہ کریں، فوج، عدلیہ اور پارلیمنٹ سب اپنے دائرے میں رہ کر کام کریں، عدلیہ، پارلیمنٹ اور عسکری اداروں کو دائرہ اختیار سے باہر نہیں جانا چاہئے۔