12 دسمبر ، 2016
پی آئی اے نے اے ٹی آر طیارے گراؤنڈ کردیے ہیں، طیاروں کی چیکنگ تک تمام اے ٹی آر طیارے گراؤنڈ رہیں گے،مسافرو ں نے پیشگی اطلاع نہ دینے کا شکوہ کیا ہے۔
ترجمان پی آئی اے کے مطابق پی آئی اے کے دس کے دس اے ٹی آر طیاروں کے شیک ڈاؤن ٹیسٹ کا فیصلہ کیا گیا ہے ، اےٹی آرآپریشن معطلی سے چھوٹے ایئر پورٹس کے لیے پروازیں متاثر ہوں گی۔
اے ٹی آر طیارے گراؤنڈ کیے جانے سے کئی پروازیں منسوخ کردی گئیں،ان پروازوں میں اسلام آباد سے چترال جانے والی پرواز پی کے 660 ، اسلام آباد سے کابل جانے والی پرواز پی کے 249 ،اسلام آباد سے گلگت جانے والی پرواز پی کے 605،اسلام آباد سے اسکردو جانے والی پرواز پی کے 451 ،کراچی سے پنچگور جانے والی پرواز پی کے 517 شامل ہیں۔
اس کے علاوہ کراچی سے گوادر جانے والی پرواز پی کے 503 اور لاہور سے بہاولپور جانے والی پرواز پی کے 651 بھی منسوخ کردی گئی۔
آئی اے ایل ایس کیٹگری تھری کی تنصیب کے باوجود پرواز لینڈ نہ کرسکی جبکہ پی کے 236 کو کراچی ایئر پورٹ پر اتار لیا گیا، عمان سے آنے والی پرواز پی کے 236 دھند کے باعث لاہورایئر پورٹ پر لینڈ نہ کرسکی۔
دوسری جانب مسافروں نے شکوہ کیا ہے کہ پروازوں کی معطلی کی پیشگی اطلاع نہیں دی گئی جس کی وجہ سے پریشانی کا سامنا ہے۔