25 جون ، 2012
حیدر آباد…حیدرآباد کے علاقے جی او آر کالونی کے رہائشی انیس سالہ لڑکے نے حکومت سے اپنے لیور ٹرانسپلانٹ کیلئے مدد کی اپیل کی ہے۔ انیس سالہ شہزاد علی نے حیدرآباد پریس کلب پر ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چھ ماہ قبل اسے اچانک خون کی الٹیاں شروع ہوگئی تھیں ڈاکٹر سے علاج کرایا تو پتہ چلا کہ لیور خراب ہوچکا ہے اور ٹرانسپلانٹ ہوگا۔شہزاد نے بتایاکہ ڈاکٹروں کے مطابق اسے علاج کے لئے انڈیا جانا ہوگا۔اانہوں نے بتایاکہ اس کی بیماری آخری اسٹیج پر ہے اور علاج بہت جلد ہونا چاہئے ورنہ اس کی زندگی کو شدید خطرات لاحق ہیں۔شہزاد نے بتایا کہ ٹرانسپلانٹ کا خرچہ ساٹھ لاکھ روپے ہے اور وہ ایک غریب گھرانے سے تعلق رکھتا ہے اور اس لئے علاج نہیں کرواسکتا۔شہزاد نے حکومت اورمخیر حضرات سے اپیل کی ہے کہ اس کو علاج میں مدد فراہم کی جائے۔