25 جون ، 2012
اسلام آباد … ملک کے مختلف علاقوں میں قبل از وقت مون سون بارشوں کے باعث میدانی علاقوں میں جاری گرمی کی شدت میں کمی کا امکان ہے جبکہ آج سب سے زیادہ گرمی سبی، دادو، سکھر، لاڑکانہ اور نوابشاہ میں پڑی جہاں درجہ حرارت 45 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق راولپنڈی، اسلام آباد سمیت بعض بالائی علاقوں میں آج رات آندھی کے ساتھ بارش کی توقع ہے جبکہ اگلے 24 گھنٹوں میں پنجاب، خیبر پختونخوا، مکران ڈویژن، کشمیر، گلگت بلتستان میں کہیں کہیں آندھی کے ساتھ مزید بارشیں متوقع ہیں، جس کے باعث گرمی کی شدت میں بھی کمی واقع ہوگی۔آج بھی ملک کے بالائی علاقوں دیر، پارا چنار، مظفرآباد اور بٹ گرام میں تیز ہواوٴں کے ساتھ بارش ہوئی۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سب سے زیادہ بارش سیالکوٹ میں 31 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔ دوسری جانب بالائی اور میدانی علاقے آج بھی گرمی کی لپیٹ میں رہے۔ لاڑکانہ، دادو، سبی، نواب شاہ اور سکھر ملک کے گرم ترین علاقے رہے جہاں درجہ حرارت 45ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔ اس کے علاوہ جیکب آباد اور روہڑی میں 44، ملتان 41، پشاور، فیصل آباد 40، لاہور 39، اسلام آباد 38، مظفرآباد36، کراچی 34، کوئٹہ میں 35، گلگت 28 اور مری میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 26 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔