25 جون ، 2012
نئی دہلی … بھارتی وزیر خارجہ ایس ایم کرشنا نے کہا ہے کہ پاکستان کے ساتھ لائن آف کنٹرول پر صورتحال معمول پر آرہی ہے، پاکستان کو اندرونی صورتحال سے نمٹنے کا موقع دینا چاہئے۔ نئی دلی میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے بھارتی وزیر خارجہ ایس ایم کرشنانے کہا کہ بھارت چاہتا ہے کہ دونوں ممالک اچھے پڑوسیوں کی طرح ساتھ رہنے کی سنجیدہ کوشش کریں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ پاکستان بھارت کی اس کوشش کا جواب دے گا۔ انہوں نے وضاحت کی کہ پاکستان کے 60سال کے مسائل 6دن ،6 ہفتے یا 6 مہینوں میں حل نہیں کئے جاسکتے۔ انہوں نے تسلیم کیا کہ پاکستان مشکلات کا شکار ہے اس لئے مذاکراتی عمل کے نتائج سے امیدیں وابستہ نہیں کرنی چاہئیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کو اندرونی صورتحال سے نمٹنے کا موقع دینا چاہئے۔ ایس ایم کرشنا کاکہنا تھا کہ پاکستان کے ساتھ مذاکرات کا عمل جاری رہنا چاہئے۔