15 دسمبر ، 2016
حلب کے مشرقی علاقوں سے باغیوں اور ان کے خاندان کے افراد کا انخلا شروع ہوگیا ہے۔
شامی میڈیا کے مطابق باغیوں کے زیر قبضہ حلب کے مشرقی علاقوں سے 4 ہزار باغیوں اور ان کے خاندان کے افراد کا انخلا ہوگا۔ ترجمان ترک وزارت خارجہ کے مطابق انخلا کا پہلا مقصد بیماروں اور زخمیوں کو شام یا ترکی کے اسپتالوں تک پہنچانا ہے۔
مشرقی علاقے کے باہر ریڈ کراس کی ایمبولینس اور حکومت کی بسیں بڑی تعداد میں موجود ہیں، شام میں فریقین کے درمیان مشرقی علاقوں سے انخلا پر نیا معاہدہ طے پایا ہے، اقوام متحدہ میں متعین امریکی سفیر نے سلامتی کونسل کے اجلاس میں شام میں شہریوں کی ہلاکت کا ذمہ دار روس،ایران اور شامی حکومت کو ٹہرایا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کے تین رکن ممالک شہریوں کے قتل میں تعاون کر رہے ہیں،اس پرانہیں شرم کرنی چاہیئے۔اس سے قبل مشرقی حلب میں باغیوں کے زیر قبضہ علاقوں سے شہریوں کو نکالنے کے لیے نئے معاہدے کا اعلان کیا گیا ۔