16 دسمبر ، 2016
مدیحہ بتول... بچے کی پیدائش ماں باپ کے لیے خاص لمحہ ہوتی ہےمگر متحدہ عرب امارات کے ایک اسپتال کی انتظامیہ نے نئی ماؤں کو سونے کے سکے سے نواز کر اس لمحے کو مزید خاص بنادیا۔
متحدہ عرب امارات کے ایک اسپتال میں سدرہ ثناء شمس الحق نامی ایک پاکستانی خاتون کو ماں بننے پر سونے کے سکے سے اس وقت نوازا گیا جب اسپتال کی ’گولڈن بے بی ‘ مہم شروع ہی ہوئی تھی۔اس طرح سکہ وصول کرنے والی یہ پہلی خاتون بن گئیں۔
حال ہی میں ان کے یہاں بیٹےکی پیدائش ہوئی تو اسے ’’فرسٹ گولڈن بے بی‘‘ کا خطاب دیا گیا اور ساتھ ہی ماں کو دو گرام سونے کے سکہ کا یادگار تحفہ ملا۔
اسپتال انتظامیہ کی جانب سے یہ مہم دو ماہ کی محدود مدت کے لیے ہے جس کا مقصد والدین بننے کی خوشی کے خصوصی لمحے کو دوبالا کرنا تھا۔
اسپتال کے صدر کا کہنا ہے کہ’’ ہم چاہتے ہیں کہ ہمارے اسپتال میں ماں بننے والی خواتین اپنے آپ کو خاص سمجھیں۔ہم چاہتے ہیں ہمارےاسپتال میں ان کا تجربہ حوصلہ افزا اورفائدہ مند ثابت ہو۔‘‘
جو خواتین ڈیلیوری کے لیے اپنا نام اس اسپتال میں درج کرانے آتی ہیں ،ان کو ساتھ ہی دو گرام سونے کے سکے اور ڈھائی سو درہم ہیرے کی خریداری کے لئے واؤچر جیتنے کی یقین دہانی کرائی جاتی ہے۔
سدرہ ثناء کا اس بارے میں کہنا ہے کہ’’ اسپتال کے باقاعدہ دورے کے دوران مجھے میری ڈاکٹر نے مطلع کر دیاتھا کہ میں شاید سونا جیت سکتی ہوں اور میرے بچے کوکو ئی خاص خطاب بھی مل سکتا ہے۔
سدرہ کے لیے یہ ایک گولڈ میڈل ہے جو ماں بننے پر انہیں ملا۔ان کا کہنا تھا کہ یہ واقعی میرے لیے خاص احساس ہے کہ میرے بچے نے مجھے یہ پہلا تحفہ دیا۔
انہوں نے مزیدکہا کہ میں ہمیشہ اسے سنبھال کر رکھوں گی اور جب میری بہو گھر آئے گی تو یہ سکہ میں اسے دے دوں گی، اس وعدےکے ساتھ کہ وہ بھی اسے سنبھال کر رکھے گی۔ اس طرح یہ ہماری نسل در نسل چلے گا۔