خصوصی رپورٹس
17 دسمبر ، 2016

فرانسک سائنس ایجنسی قائم کرنے پر پنجاب حکومت کی تعریف

فرانسک سائنس ایجنسی قائم کرنے پر پنجاب حکومت کی تعریف

 

کوئٹہ کے سول اسپتال میں ہونے والے خودکش حملے کی انکوائری رپورٹ میں پنجاب فرانسک سائنس ایجنسی قائم کرنے پرپنجاب حکومت کی تعریف کی گئی ہے ۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ جدید ترین لیبارٹری انتہائی قلیل مدت میں قائم کی گئی ،کوئٹہ کے سول اسپتال میں ہونے والے خودکش حملے کی رپورٹ میں جہاں سپریم کورٹ کے جج جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے وفاقی اور صوبائی وزرائے داخلہ اور وزیر اعلیٰ کی غلط بیانی پر سرزنش کی ہے ، وہیں پنجاب فرانسک سائنس ایجنسی قائم کرنے پر پنجاب حکومت کی تعریف کی گئی ہے ۔

پنجاب فرانسک سائنس ایجنسی کے قیام کو سراہتے ہوئے رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ جدید ترین لیبارٹری انتہائی قلیل مدت میں قائم کی گئی ۔ اس کے علاوہ پنجاب حکومت کی جانب سے متاثرین کو فوری طور پر معاوضوں کی ادائیگی کی بھی تعریف کی گئی ۔

رپورٹ میں پنجاب فرانسک سائنس ایجنسی کے ڈائریکٹر جنرل اور اس سے وابستہ ماہرین کی تعریف کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ انہوں نے انتہائی پیشہ ورانہ انداز میں کام کیا اور اپنی قابلیت ثابت کی ۔

پنجاب فرانسک سائنس ایجنسی کے مطابق اس قسم کی بڑی لیبارٹری کو ترقی یافتہ ممالک میں بھی بننے میں 5سے7سال کا عرصہ درکار ہو تا ہے ۔ تاہم وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی خصو صی دلچسپی اور کوششوں سے یہ 3 سال سے بھی کم عرصے میں مکمل کر لی گئی ۔ لیبارٹری میں بین الاقوامی معیار کے مطابق کام کیا جاتا ہے ۔

قاضی فائز عیسیٰ کی رپورٹ میں متعدد اداروں اور افراد کی خدمات کا اعتراف بھی کیا ہے ۔ ان میں بولان میڈیکل کالج کوئٹہ سے وابستہ ڈاکٹر شہلا سمیع بھی شامل ہیں۔ انھیں دیگر ڈاکٹرز کے ایک لیے ایک رول ماڈل قرار دیا ۔

اس کے علاوہ خودکش بمبار کے جوتوں کی شناخت کرنے والے شخص ، دھماکے کی جگہ سے ملبہ جمع کرنے والے افراد ، انٹیلی جنس ایجنسی اور وفاق المدارس کے کردار کی بھی تعریف کی گئی ہے ۔

مزید خبریں :