17 دسمبر ، 2016
صدر مملکت ممنون حسین کا کہنا ہے سی پیک کے مغربی روٹ میں تبدیلی سے متعلق باتیں افواہیں ہیں، یقین دلاتا ہوں سی پیک کے طے شدہ روٹ میں ایک انچ تبدیلی نہیں کی گئی،وسط ایشیا کی کئی ریاستوں نے منصوبے میں شامل ہونے کی درخواست کی ہے ۔
کراچی میں پاکستان میرین اکیڈمی کی 53 ویں پاسنگ آؤٹ پریڈ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت ممنون حسین نے کہا کہ وسائل کا صحیح استعمال قومی ترقی اور خوشحالی کی ضمانت ہے۔
صدر مملکت کا کہنا تھا کہ سی پیک منصوبے نے چین اور گوادر کو ملا دیا ہے۔ پاکستان کی آبی گزرگاہیں امید کی کرن ہیں ، سی پیک منصوبے سے پورا خطہ مستفید ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ سی پیک منصوبہ دنیا میں تعمیر وترقی کے عظیم انقلاب کا پیش خیمہ ہے۔ پاکستان میں امن وامان قائم کرنے کے لیے ہم نے بے پناہ قربانیاں دیں ہیں،منفی طاقتیں دم توڑ رہی ہیں۔
صدر ممنون حسین نے نمایاں کارکردگی پر کیڈٹس کو اعزازات بھی دیے ۔ اس موقعے پر انہوں نے مالدیپ کے کیڈٹس کی آئندہ میرین کورس میں شمولیت کو خوش آئند قرار دیا۔