پاکستان
17 دسمبر ، 2016

حیدر آباد:آئل ٹینکر میں آتشزدگی، 1 جاں بحق،12 زخمی

 

سپرہائی وے پر آئل ٹینکر میں لگنے والی آگ سے جھلسنے کی وجہ سے ایک زخمی دم توڑ گیا،12زخمیوں کا حیدرآباد اور کراچی کے اسپتالوں میں علاج جاری ہے ،پولیس کے مطابق حادثہ بریک فیل ہونے سے ہوا،آگ سےقریب موجود پولیس موبائل سمیت چار گاڑیاں بھی متاثر ہوئیں ۔

موٹر وے پولیس کے مطابق کراچی سے 44 ہزارلیٹر پیٹرول اور ڈیزل لے کر روانہ ہونے والا آئل ٹینکر کراچی سے 80 کلومیٹر کے فاصلے پر حادثے کا شکار ہوا۔ مقامی فائر بریگیڈ نے آگ بجھائی جبکہ کراچی سے بھی فائر بریگیڈ کی ٹیم موقع پر پہنچی تھی۔

ڈی ایس پی موٹر وے عمر بھٹو کے مطابق ڈرائیور آئل ٹینکر کو زیر تعمیر موٹروے کے متبادل راستے پر جانے کی کوشش کر رہا تھا کہ اس کا ہائیڈرالک بریک سسٹم فیل ہوا جس کی وجہ سے ٹینکر چڑھائی سے تیز رفتاری میں ریورس ہوا اور بے قابو ہوکر الٹ گیا اور اس میں آگ لگ گئی ۔

فائر بریگیڈ فور ی طور پر موقع پر پہنچی اور مقامی افراد کی مدد سے آگ بجھائی ۔ اس دوران پولیس اہلکار بھی موقع پر پہنچ گئے۔ آگ بجھانے کے دوران دو پولیس اہلکار سمیت متعدد افراد جھلس گئے۔ ایدھی فاؤنڈیشن کے مطابق جھلسنے والے بعض افراد کو کراچی بھی روانہ کردیا گیا۔

ڈی ایس پی موٹر وے عمر بھٹو کے مطابق آگ پر ایک گھنٹے میں قابو پالیا گیا۔ ٹینکر میں پیٹرول کا ایک پورشن مکمل جل گیا جبکہ ڈیزل کے پورشن اور ٹینکر کے کیبن کو جلنے سے بچا لیا گیا۔

مزید خبریں :