26 جون ، 2012
ہیوسٹن (راجہ زاہد اختر خانزادہ) متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) نارتھ امریکہ کا سالانہ کنونشن 29 جون تا یکم جولائی ہیوسٹن میں کیا جارہا ہے جس سے قائد تحریک الطاف حسین لندن سے براہ راست ٹیلی فونک خطاب کریں گے جبکہ ایم کیو ایم کے پاکستان لندن اور امریکہ بھر سے ذمہ داران بمعہ اہل و عیال شریک ہوں گے۔ اس ضمن میں کنونشن کی تیاریاں بھرپورطریقے سیجاری ہیں۔ پروگرام کی تفصیلات بتاتے ہوئے ایم کیو ایم ہیوسٹن کے یونٹ انچارج امتیاز احسن نے بتایاکہ یہ کنونشن 29جولائی تا یکم جولائی ہیوسٹن میں منعقد ہوگا، 29 جون کو تحریک کے کارکنوں کیلئے فکری اور تربیتی نشست کا اہتمام کیا جارہا ہے جس میں امریکہ کے تمام یونٹ انچارج اورذمہ داران شرکت کریں گے۔ دریں اثناء ایم کیو ایم ہیوسٹن کے ذرائع نے مزید بتایا ہے کہ 30 جون کو پاکستان سینٹر میں ہونے والا پروگرام انتہائی اہمیت کا حامل ہوگا کیونکہ اس تقریب سے شام 6 بجے متحدہ کے قائد الطاف حسین براہ راست لندن سے خطاب کریں گے۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ کنونشن میں وفاقی وزیر ڈاکٹر فاروق ستار، اراکین قومی اسمبلی خوش بخت شجاعت، فیصل سبزواری،رؤف صدیقی، انور عالم، شمیم صدیقی کو دعوت نامہ جاری کئے گئے ہیں تاہم یہ پاکستان کے سیاسی حالات پر منحصر ہے کہ کون کونسے رہنما اس کنونشن میں شرکت کریں گے تاہم متحدہ امریکہ کے نگراں ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی، عبادالرحمن، سینٹرل آرگنائزر جنیدفہیم سمیت دیگر اہم ذمہ داران پورے پروگرام میں شریک ہوں گے۔ اس موقع پر پاکستان سینٹر میں مختلف اسٹال بھی لگانے کااہتمام کیا جارہا ہے جس میں بچوں کیلئے مفت تحائف اور خواتین کیلئے ڈوپٹے اور چوڑیاں بھی تقسیم کی جائیں گی۔ 30 جون کو عشائیہ کے بعدمحفل موسیقی کا بھی اہتمام کیا گیا ہے جس میں پاکستان اور مقامی فنکار اپنے بھرپور فن کامظاہرہ کریں گے۔ ایم کیو ایم ہیوسٹن کے ذمہ داران کاکہنا ہے کہ مذکورہ پروگرام کو ایک بہترین اور یادگار پروگرام بنانے کیلئے تمام ذمہ داران اپنی بھرپور تیاریوں میں مصروف ہیں جبکہ وہ قائد تحریک کا فکر انگیز خطاب سننے کیلئے بے چین ہیں۔