20 دسمبر ، 2016
وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار نے کہا ہے کہ مجھےکرائم ریٹ زیرو چاہیے، پچھلی حکومت کے دور میں دھماکے ہوتے رہے اور حکام سوئے رہے، ہم نے عملی کام کیا ہے،آج دہشت گردی کے خلاف جنگ کے لیے پولیس کا پہلا دستہ تیار کر لیا گیا ہے۔
وزیر داخلہ چودھری نثار کا ریپڈ رسپانس فورس کے پہلے بیچ کی پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب میں اہلکاروں سے کہا کہ پاکستان کے عوام سے وفاداری نبھانی ہے، حکومتیں آنی جانی ہیں۔
چودھری نثار نے کہا کہ جنرل(ر)راحیل شریف سےکہہ کرریپڈرسپانس فورس بنوائی،رینجرزنے اسلام آباد پولیس سے ملکر شہر کو پرسکون بنانے میں کلیدی کرداراداکیا ، پولیس کورینجرز کے جوانوں، افسروں کو دیکھ کر معیار بلند کرناچاہیے،اسلام آباد پولیس رینجرز سے سےسیکھے ۔
انہوں نے کہا کہ حرام میں برکت اور سکون نہیں ،نیک نیتی اور انصاف میں سکون ہے،پہلے دھماکےہوتےرہے اور حکومتیں خواب خرگوش کے مزے لیتی رہیں۔
وزیر داخلہ کاکہنا تھا کہ پولیس میں شامل ہونےوالے پاکستان کا مان رکھیں،دہشتگردی کے خلاف جنگ کا پہلا دستہ اسلام آباد پولیس کا ہے، پولیس میں بھرتیاں میرٹ پر ہوئی ہیں،وزیر داخلہ پاکستان نے بھی نائب قاصد کی بھرتی کی سفارش نہیں کی۔
انہوں نے کہا کہ حلف میں کہا گیاہے افسران بالا کا حکم مانوں گا ، حلف میں ہوناچاہیے افسران بالا کا جائز کام مانوں گا۔