26 جون ، 2012
اسلام آباد… وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے بلوچستان کے مسئلہ کو قابل قبول انداز میں حل کرنے کیلئے اندرون اور بیرون ملک بیٹھی بلوچ قیادت کو مذاکرات کے میز پر آنے کی دعوت دے دی ہے ۔ راجہ پرویزاشرف نے اپنی کابینہ کے پہلے اجلاس سے خطاب میں اپنے پیشرو یوسف رضا گیلانی کو خراج تحسین پیش کیا اور کہاکہ یوسف رضا گیلانی نے آئین کے تحفظ کی خاطر ، اصولی موقف اپنایا، وزیراعظم نے کہاکہ وہ قوم کی خدمت کیلئے تمام سیاسی جماعتوں کو حکومت سے تعاون کی اپیل کرتے ہیں ، اتحادی حکومت ، توانائی بحران سے ترجیحی بنیادوں پر حل کرے گی ، زرعی شعبہ کی ترقی میں بجلی کا مسئلہ آڑے نہیں آنے دیا جائے گا، انہوں نے پی آئی اے، واپڈا، اسٹیل ملز، ریلویز جیسے اداروں کی انتظامیہ کو کہاکہ وہ اداروں کی آپریشنل بہتری پر توجہ دیں ، وزیراعظم نے کہاکہ بلوچستان کا مسئلہ حل کرنا، حکومت کی ترجیح ہے، اندرون اور بیرون ملک بلوچ قیادت کو مذاکرات کی میز پر آنے کی دعوت دی جارہی ہے اور حکومت مسئلہ کے قابل قبول حل کے لیئے تیار ہے، بعد میں اجلاس نے ایجنڈا کی موضوعات پر گور شروع کردیا، اس میں توانائی کا بحران اور ملک میں امن وامان کے موضوعات شامل ہیں ۔