پاکستان
22 دسمبر ، 2016

آگ لگانے کے بعد چین سے نہ سو سکا: عبدالرحمان بھولا

آگ لگانے کے بعد چین سے نہ سو سکا: عبدالرحمان بھولا

امین انور...سانحہ بلدیہ فیکٹری کا مرکزی ملزم رحمان بھولا کراچی کی عدالت میں اعترافی بیان ریکارڈ کراتے ہوئے پھوٹ پھوٹ کر رونے لگا،اس کا کہنا ہے کہ جب سے آگ لگائی ایک رات بھی چین کی نیند نہیں سو سکا۔

سانحہ بلدیہ فیکٹری کے مرکزی ملزم عبدالرحمان عرف بھولا نے کراچی کی جوڈیشل عدالت میں ڈھائی سو سے زائد انسانوں کو موت کی آگ میں جھونکنے کا خوفناک اعتراف جرم کیا ہے۔

اس کا کہنا ہے کہ مجھےنہ تشدد کا خوف ہے، نہ سیاسی وابستگی یاد دِلانے والی کوئی ہچکچاہٹ اور نہ ہی کسی قسم کا کوئی دباؤ ہے،مانتا ہوں کہ بلدیہ ٹاؤن کی فیکٹری میں آگ میں نے لگائی، حکم حماد صدیقی نے دیا، فیکٹری ملازم زبیر عرف چریا نے آگ لگانے میں مدد کی۔

رحمان بھولا نے کہا کہ یہ ضمیر کی آواز ہے، پچھتاوا ہے ،دل ،دماغ اور روح کو مستقل اذیت میں رکھنے اور کچوکے لگانے والے احساسِ گناہ کا نتیجہ ہے۔

اس نے مزید کہا کہ یہ بھی تسلیم کرتا ہوں کہ بھتہ خوری، قتل و غارت اور دیگر جرائم ایم کیو ایم کی پالیسی کا حصہ تھےاور ہم اس میں بہ قدرِ جثہ اپنا اپنا حصہ ڈالتے رہے۔

ملزم بھولا بولا تو ابتدا میں لہجہ جذبات سے عاری تھا لیکن بولتے بولتے جرم کی سنگینی کا احساس ہوا، مرنے والے والوں کی چیخیں اور اس سانحے کوبھگتنے والوں کی آہ و فریاد یاد آئی تو خود بھی پھوٹ پھوٹ کر رونے لگا۔

اعترافی بیان ریکارڈ کرتے وقت کمرۂ عدالت کو سخت سیکیورٹی حصار میں لیا گیا تھا، عدالتی عملے اور سائلین کو داخلے کی اجازت نہیں دی گئی۔

بیان کے بعد عدالت نے ملزم کو 29 دسمبر تک عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم دے دیا۔

 

مزید خبریں :